میڈیا ہاؤسز میں لیبر قوانین پر عملدرآمدکو یقینی بنایا جائے گا،اسد اللہ ابڑو
کراچی (اسٹاف رپورٹر) صوبائی سیکرٹری لیبر اینڈ ہیومین ریسورسز ڈپارٹمنٹ اسد اللہ ابڑو نے کہا ہے کہ مزدوروں کے مسائل حل کرنے کیلئے ہر قسم کے اقدامات اٹھا رہے ہیں،قوانین کی بہتری کیلئے بھرپور کام ہورہا ہے اور میڈیا ہاؤسز میں لیبر قوانین پر عملدرآمدکو یقینی بنایا جائے گا۔
اس بات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں آل پاکستان نیوز پیپر ایمپلائز کنفیڈریشن کے وفد سے باتیں کرتے ہوئے کیا۔ وفد کی قیادت شکیل یامین کانگا چیئرمین ایپنک نے کی جبکہ دیگر عہدیداروں میں طاہر حسن خان، دارا ظفر، محمد عرفان خان، ندیم محموداور سید صابر علی شامل تھے ۔ وفد نے شعیب ابڑوکو میڈیا وکرز کی مشکلات اور اداروں میںکئی کئی برسوں سے ملازمت کرنے کے باوجودورکرز کو اپائنمنٹ لیٹرز کے جاری نہ ہونے ، لیبر کورٹس اور ویجیز کمپنسیشن میں کیسز کے نہ چلنے سے سائلین کو درپیش مسائل ، تنخواہوں میں غیر ضروری تاخیرسمیت دیگر مسائل سے آگاہ کیا گیا۔