انٹرپری انجینئرنگ،میڈیکل اور دیگر گروپس کے خاتمے پر اتفاق،مضامین کی بنیاد پر داخلے کی تجویز
انٹر بورڈ کوآرڈی نیشن کمیشن کا اجلاس،جامعات کو گروپس نہیں مضامین کی ضرورت ،مہارت پر مبنی مضامین کو میٹرک میں شامل کرنے کی سفارش ہونی چاہیے ،فورم کا موقف
کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)انٹر بورڈ کوآرڈی نیشن کمیشن (آئی بی سی سی) کا میٹرک اور انٹر مضامین گروپس کے خاتمے پر مشاورتی اجلاس ہوا جس میں سیکنڈری و ہائرسیکنڈری سطح پر مضامین کی بنیاد پر نظام متعارف کرانے کی تجویز دی گئی ہے ۔مشاورتی فورم میں پری انجینئرنگ، پری میڈیکل اور دیگر گروپس کے خاتمے پر اتفاقِ رائے کیا گیا جب کہ داخلے گروپس نہیں بلکہ مضامین کی بنیاد پر دینے کی تجویز دی گئی ہے ۔آئی بی سی سی کی میزبانی میں امتحانی و داخلہ نظام میں اصلاحات کی سفارشات پیش کی گئی۔فورم کا موقف تھا کہ جامعات کو گروپس کی ضرورت نہیں مضامین کی ضرورت ہے اس لیے مہارت پر مبنی مضامین کو میٹرک میں شامل کرنے کی سفارش ہونی چاہیے ۔کریکیولم کے ادارے ان سفارشات کی روشنی میں کام کریں گے جب کہ مضامین گروپس پر نظرثانی کے لیے قومی مشترکہ ورکنگ گروپ قائم کیا جائے گا۔
اجلاس کی صدارت ایگزیکٹو ڈائریکٹر آئی بی سی سی ڈاکٹر غلام علی ملاح نے کی جنہوں نے شرکاء کو طلبہ کو پیش آنے والی مشکلات سے آگاہ کیا، بالخصوص اُن طلبہ کے مسائل جنہوں نے سائنس کے زیادہ تر مضامین پاس کیے ہوتے ہیں مگر اِنہیں ہیومینٹیز گروپ کے تحت ایکویلنس جاری کی جاتی ہے ۔ اجلاس میں موجودہ سبجیکٹ گروپ سسٹم کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور طلبہ کی تعلیمی نقل و حرکت اور اعلیٰ تعلیم تک رسائی کے تناظر میں اس کے مثبت اور منفی پہلوؤں پر غور کیا گیا۔متعلقہ اداروں کے نمائندگان پر مشتمل مشترکہ ورکنگ گروپ تشکیل دیا گیا جو آئندہ مشاورتی اجلاس میں تفصیلی سفارشات پیش کرے گا۔شرکا نے درپیش مسائل کے حل کے لیے تمام متعلقہ فریقین کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنے میں ا?ئی بی سی سی کے فعال کردار کو سراہا اور تجویز کردہ اصلاحات کو بین الاقوامی بہترین طریقہ کار سے ہم آہنگ قرار دیا تاکہ تعلیم کے زیادہ ہموار اور جامع راستے فراہم کیے جا سکیں۔