میرپور خاص:سالانہ پھولوں کی نمائش 13 تا15 فروری کوہوگی
نمائش کا بنیادی مقصد پھولوں کی افزائش اور نگہداشت کا شوق اجاگر کرنا، میئر
میرپور خاص (بیورو رپورٹ)موسمِ بہاراں کی آمد پر میونسپل کارپوریشن کے زیرِ اہتمام 68 ویں سالانہ پھولوں کی تین روزہ نمائش کا انعقاد 13 سے 15 فروری 2026ء شہید محترمہ بینظیر بھٹو اسٹیڈیم (گاما اسٹیڈیم) میں کیا جائیگا، اس حوالے سے میونسپل کارپوریشن سیکریٹریٹ میرپور خاص میں میئر عبدالرؤف غوری کی صدارت میں اہم اجلاس ہوا، جس میں نمائش کے انتظامات، سکیورٹی، ٹریفک اور دیگر امور پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے میئر عبدالرؤف غوری نے کہا کہ پھول تازگی، خوبصورتی اور مثبت سوچ کی علامت ہیں اور اس نمائش کا بنیادی مقصد شہریوں میں پھولوں کی افزائش اور نگہداشت کا شوق اجاگر کرنا ہے تاکہ عوام اپنے گھروں، گلیوں اور محلوں کو سرسبز و شاداب اور صاف ستھرا بنا سکیں۔ انہوں نے تمام ممبران اور متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ وہ پھولوں کی نمائش کو کامیاب بنانے کیلئے اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے ادا کریں۔