وینز ویلین صدر نکولس مادورو کا اغوا شرمناک ہے ، تنظیم اسلامی
امریکی جارحیت نے عالمی قانون کی دھجیاں اڑاتے ہوئے امن کوتاراج کردیا، شجاع الدینمسلم ممالک کو بھی پیغام دیا گیا وہ پالیسی منوانے کیلئے کسی حد تک بھی جا سکتا ہے، بیان
حیدر آباد (نامہ نگار)امریکہ کا وینزویلا کے صدر نکولس مادورو کو اغوا کرنا انتہائی شرم ناک ہے ۔ امریکہ کی اِس غنڈہ گردی نے نہ صرف عالمی امن کو تاراج کیا، بلکہ بین الاقوامی قانون کی بھی دھجیاں اُڑا دی ہیں۔ اِن خیالات کا اظہار تنظیم اسلامی کے امیر شجاع الدین شیخ نے ایک بیان میں کیا۔ اُنہوں نے کہا کہ امریکہ کا کسی دوسرے ملک میں دہشت گردی پر مبنی ایسی کارروائی کرنا اِس بات کا ثبوت ہے کہ وہ عالمی امن اور بین الاقوامی قانون کو ذرہ برابر بھی حیثیت نہیں دیتا۔ حقیقت یہ ہے کہ امریکہ اسرائیل کی جانب سے غزہ میں مختلف طریقوں سے جاری نسل کُشی اور انسانیت کے خلاف جرائم کا مکمل ساتھ دے رہا ہے ۔ جبکہ دعوے یہ کرتا ہے کہ وہ دنیا سے جنگوں کے خاتمے اور امن کا علم بردار ہے ۔ اطلاعات کے مطابق امریکہ کی وینزویلا میں حالیہ کارروائی، جو درحقیقت اغوا برائے تاوان کے مترادف ہے ، کے ذریعے وہ وینزویلا سے تیل اور دیگر اہم معدنیات و قیمتی پتھر حاصل کرنا چاہتا ہے ۔
یہ بھی ایک حقیقت ہے کہ وینزویلا میں امریکہ کے خلاف سخت نفرت پائی جاتی ہے اور وہاں رجیم چینج کے ذریعے امریکی مفادات کی حفاظت اور تیل و معدنیات کوڑیوں کے بھاؤ بیچنے والی حکومت کو لایا گیا ہے ۔ ٹرمپ نے اس اغوا کے نتیجے میں مسلم ممالک کو بھی دھمکی دی ہے کہ وہ اپنی پالیسی منوانے کے لیے کسی حد تک بھی جا سکتا ہے ۔ خصوصاً مسلم کو پیغام دیا گیا ہے کہ امریکہ جب چاہے اُن کے پَر پُرزے کاٹ سکتا ہے اور کوئی ‘‘دوست’’ ملک بھی اُن کی مدد کو نہ آئے گا۔