حیدر آباد:صوبائی وزیر نے دونئی سڑکوں کا سنگ بنیاد رکھ دیا
پنیاری کینال کے ساتھ ایک ساڑھے 3، دوسری 7 کلومیٹر طویل تعمیر ہوگی دونوں سڑکوں کا ترقیاتی کام جون تک مکمل کرلیا جائے گا، علی حسن زرداری
حیدر آباد (بیورو رپورٹ)صوبائی وزیر ورکس اینڈ سروسز اور جیل خانہ جات علی حسن زرداری نے پنیاری کینال پر موجود دو نئی سڑکوں کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد ہالا ناکہ کے مقام پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ دو سڑکوں کا افتتاح کیا ہے ، ایک 3.5 کلو میٹر اور دوسری 7 کلو میٹر طویل ہے ۔ دونوں سڑکوں کا ترقیاتی کام جون تک مکمل کرلیا جائے گا، ایک کی لاگت 11 سو ملین اور دوسری شاہراہ کی لاگت 1180 ملین روپے ہے ، سینٹرل جیل سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ کچے قیدیوں اور اہل خانہ سے رشوت لینے والوں کیخلاف ضرور سخت ایکشن لیا جائیگا، آج ہی جا کر سینٹرل والے معاملے پر ایکشن لونگا۔ انہوں نے کہاکہ ترقیاتی کام جاری ہیں، اے ڈی پی اسکیموں کے منصوبوں کی نگرانی ڈپٹی کمشنرز کے پاس ہے ، میئر اور چیئرمینز کو بھی اے ڈی پی اسکیموں کی نگرانی کرنی چاہئے ، کوشش ہے کہ بینظیر بھٹو فلائی اوور کو اس سال مکمل کرلیں۔ میئر حیدرآباد کے مطالبے پر منصوبوں پر کام کررہے ہیں، ایچ ایم سی حیدرآباد کے پاس بڑے منصوبے کیلئے فنڈز نہیں ہیں، اگر ہوتے تو ضرور مکمل ہوتے ، واٹر کنکشن اور سیوریج کیلئے لوگ ٹیکس دینے کے لئے تیار نہیں ہیں، ایچ ایم سی فنڈز کہاں سے لائیگی، حیدرآباد سکھر موٹروے کیلئے سندھ حکومت نے لینڈ ایکیوزیشن کرواکر مفت دے دی ہے ، وفاق کے پاس پیسے نہیں تھے ، سندھ حکومت نے 2 یا چار بلین زمینداروں کو رقم مہیا کردی ہے ، جب وفاق کے پاس پیسے ہونگے تو وہ واپس کرے گا۔