گھروں میں ڈکیتی کرنے والا 4رکنی گروہ گرفتار
پستول اور مسروقہ موبائل فون برآمد،ملزمان پر قتل کے مقدمات بھی درج ہیں
کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)سائٹ اے پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے گھروں میں ڈکیتی کی وارداتیں کرنے والا 4 رکنی ڈکیت گروہ کو گرفتار کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق سائٹ اے پولیس نے خفیہ اطلاع پر اہم کارروائی کرتے ہوئے ڈکیتی ولوٹ مارکی متعدد وارداتوں میں ملوث 4 رکنی ڈکیت گروہ کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے دو پستول اور چوری شدہ موبائل فون برآمد کرلیے۔ گرفتار ملزمان میں نورالحق،ساجد، ناصر اور سہیل شامل ہیں۔ ایس ایس پی کیماڑی امجد احمد شیخ نے بتایا کہ گرفتار ملزمان کا سابقہ مجرمانہ ریکارڈ بھی حاصل کرلیا گیا ہے ۔ملزمان پر ڈکیتی، چوری، لوٹ مار، قتل اور پولیس پر فائرنگ کے مقدمات درج ہیں۔دوسری جانب جیکسن پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے منشیات فروشی میں ملوث 6 ملزمان کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے آئس، تنزانیہ اور زرفروختگی کی رقم برآمد کرلی ۔ گرفتار ملزمان کی شناخت سجاد، مزمل، انور، راحت، سجاد حسن اور عابد کے نام سے کی گئی ۔ گرفتار ملزمان عادی جرائم پیشہ نکلے ۔