میئر کی ہیوی ٹریفک کیلئے مخصوص روٹس کی حمایت

میئر کی ہیوی ٹریفک کیلئے مخصوص روٹس کی حمایت

این ایچ اے کے ساتھ ایم ٹیگ نظام سے متعلق ٹرانسپورٹرز کے موقف کی تائیدموثر ٹریفک ریگولیشن شہر کے لیے بھی ناگزیر ،مرتضیٰ وہاب سے وفد کی ملاقات

کراچی(اسٹاف رپورٹر )میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے ہیوی ٹریفک کے لیے مخصوص روٹس سے متعلق ٹرانسپورٹرز کے مطالبات کی بھرپور حمایت کا اظہار کیا ہے ۔ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشنز کے ایک وفد نے کے ایم سی کے ہیڈ آفس میں میئر کراچی سے ملاقات کی، جس میں شہر کے اندر ہیوی ٹریفک کے ضابطہ کار سے متعلق اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اجلاس کے دوران وفد نے بالخصوص لیاری ایکسپریس وے پر ہیوی ٹریفک کے لیے مخصوص روٹس فراہم کرنے کا مطالبہ کیا تاکہ شہری ٹریفک کے بہاؤ میں خلل ڈالے بغیر بھاری گاڑیوں کی روانی کو یقینی بنایا جا سکے ۔

مرتضیٰ وہاب نے وفد کو یقین دلایا کہ شہر کی انتظامیہ معاشی سرگرمیوں اور سپلائی چین کے تسلسل میں ٹرانسپورٹ سیکٹر کی اہمیت کو بخوبی سمجھتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ موثر ٹریفک ریگولیشن نہ صرف ٹرانسپورٹرز بلکہ شہریوں کی سہولت اور شہر کے موثر انتظام کے لیے بھی ناگزیر ہے ۔میئر کراچی نے ٹرانسپورٹرز کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ ان کے مطالبات باضابطہ طور پر سندھ حکومت تک پہنچائے جائیں گے ۔ انہوں نے بالخصوص لیاری ایکسپریس وے جیسے بڑے روٹس پر دن کے اوقات میں ہیوی ٹریفک کے لیے مخصوص راستے متعارف کرانے کی حمایت کی۔میئرنے نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے ساتھ ایم ٹیگ نظام سے متعلق ٹرانسپورٹرز کے مطالبے کی بھی حمایت کی ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں