اندرون سندھ:ٹریفک حادثات میں 4 جاں بحق،9زخمی

اندرون سندھ:ٹریفک حادثات میں 4 جاں بحق،9زخمی

حادثات کنڈیارو،مٹیاری، محراب پور کے قریب ہوئے ،زخمی اسپتال منتقلمہران ہائی وے پر زخمیوں میں فنکشنل لیگ کے رہنما حاجی عبد الغنی بھی شامل

کنڈیارو، مٹیاری،محراب پور (نمائندگان دنیا) اندرون سندھ مختلف شہروں میں ٹریفک حادثات، بچے سمیت 4 افراد جاں بحق، 9 زخمی ہو گئے۔ کنڈیارو کی قومی شاہراہ پر بیڑی اسٹاپ کے قریب تیز رفتار ٹریلر نے سڑک کنارے کھڑے 10 سالہ عارف کھوسو کو ٹکر ماردی ، جو موقع پر ہی دم توڑ گیا۔ریسکیو ٹیم نے لاش کو تحصیل اسپتال منتقل کر دیا۔ جاں بحق بچے کا تعلق گاؤں شیر خان کوسو سے تھا۔ مٹیاری سے نمائندے کے مطابق ہالا کے قریب شہدادپور روڈ پر تیز رفتار موٹر سائیکل گدھا گاڑی سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں فیضان جاں بحق ، جبکہ حسن زخمی ہوگیا۔ پولیس نے ہلاک اور زخمی کو تعلقہ اسپتال ہالا منتقل کردیا۔

جبکہ قومی شاہراہ پر ٹریلراور کار میں تصادم سے کار سوار خواتین اور بچوں سمیت 4 افراد شدید زخمی ہوگئے ، جنہیں ڈی ایچ کیو اسپتال مٹیاری منتقل کر دیا گیا۔ پولیس کے مطابق حادثہ تیز رفتاری اور اور ٹریکنگ کے باعث پیش آیا۔ پولیس نے ٹریلر اور ڈرائیور کو تحویل میں لے لیا ہے۔ محراب پور کے قریب قومی شاہراہ کھوسو منگریو پل کے قریب نامعلوم گاڑی کی زد میں آکر 5 سالہ حارث کھوسو جاں بحق ہوگیا۔ ایک اور حادثے میں مہران ہائی وے پر کار ٹریلر سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں کار سوار فنکشنل لیگ کے رہنما حاجی عبد الغنی، ایک خاتون اور بچی زخمی ہوگئی۔قومی شاہراہ پر ارسلان شادی ہال کے قریب ٹریکٹر ٹرالی کی زد میں آکر نجی کوریئر سروس کا ملازم کاشف گوپانگ جاں بحق ہوگیا۔ کوٹری کبیر رابطہ سڑک پر ٹریکٹر ٹرالی کی ٹکر لگنے سے موٹر سوار نوجوان غلام عباس زخمی ہوگیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں