حیدر آباد:رقم نہ دینے پر دولہے والوں کا بارات لانے سے انکار
شادی سے چند گھنٹے قبل 2 لاکھ کا مطالبہ کیاگیا، جو لڑکی کی بیوہ ماں کیلئے ممکن نہ تھابارات نہ آنے پرخوشیوں کا گھر ماتم میں تبدیل، سخی پیر تھانے میں شکایت درج
حیدر آباد (بیورو رپورٹ ) حیدرآباد میں سخی پیر تھانے کی حدود لیاقت کالونی میں دل دہلا دینے والا واقعہ، جہیز کی رقم نہ دینے پر بارات نہ آئی۔ تفصیلات کے مطابق حیدر آباد کے علاقے لیاقت کالونی میں ایک افسوسناک اور دل ہلا دینے والا واقعہ پیش آیا ہے ، جہاں شادی کے دن ہی خوشیوں کا گھر ماتم میں بدل گیا۔ اطلاعات کے مطابق بارات آنے سے چند گھنٹے قبل دولہا کے گھر والوں کی جانب سے اچانک 2 لاکھ روپے کی اضافی رقم کا مطالبہ کر دیا گیا۔
ذرائع کے مطابق دلہن کی بیوہ ماں پہلے ہی اپنی استطاعت سے بڑھ کر شادی کے اخراجات برداشت کر رہی تھی، تاہم اچانک اتنی بڑی رقم کا بندوبست کرنا ان کے لیے ممکن نہ تھا۔ رقم نہ ملنے پر دولہے کے اہل خانہ نے بارات لانے سے انکار کر دیا، جس کے باعث دلہن اور اس کے گھر والوں کو شدید ذہنی اذیت اور شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا۔ واقعہ کے بعد دلہن کے اہل خانہ انصاف کے حصول کے لیے سخی پیر تھانے پہنچ گئے ، جہاں انہوں نے دولہا اور اس کے اہل خانہ کے خلاف شکایت درج کرائی۔ پولیس نے درخواست وصول کرکے معاملے کی تحقیقات شروع کر دی ہے ۔اہل علاقہ اور سماجی حلقوں نے واقعہ کی شدید مذمت کی ہے ۔