شارع فیصل پر گاڑی کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار جاں بحق
کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)شارع فیصل اسٹار گیٹ کے قریب تیز رفتار نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار شہری جاں بحق ہوگیا۔متوفی کی لاش چھیپا ایمبولینس کے ذریعے جناح اسپتال منتقل کی گئی جہاں اسکی شناخت 40 سالہ محمد کامران ولد محمد رئیس کے نام سے کی گئی۔
ایئر پورٹ پولیس نے حادثے سے لاعلمی کا اظہار کیا ہے ۔ دوسری جانب ڈی ایس پی قائد آباد کے دفتر کی چھت کا ایک حصہ گرگیا، حادثے میں کسی قسم کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔قائد آباد پولیس کے مطابق حادثہ بارش کا پانی چھت پرجمع ہونے کے باعث پیش آیا۔