دڑو :آوارہ کتوں کے کاٹے کے 50 سے زائد کیس رپورٹ
دڑو (نمائندہ دنیا) دڑو کے نواحی گاؤں قائم سولنگی میں پاگل کتوں کے جھنڈ نے کمسن بچے بلاول ولد شبیر سولنگی پر حملہ کرکے زخمی کر دیا۔ زخمی بچے کو فوری طور پر رورل ہیلتھ سینٹر دڑو منتقل کر دیا گیا۔
ابتدائی طبی امداد اور ویکسین کے بعد بچے کو مزید علاج کے لیے سول اسپتال کراچی منتقل کر دیا گیا۔ دڑو اور گردونواح میں آوارہ کتوں کی تعداد میں خطرناک حد تک اضافہ ہوگیا ہے۔ رورل ہیلتھ سینٹر دڑو کی رپورٹ کے مطابق حالیہ دنوں کتوں کے کاٹے کے 50 سے زیادہ کیس رپورٹ ہو چکے ہیں، جن میں اکثریت اسکول کے بچوں کی ہے ۔ دڑو کے شہریوں اور خصوصاً بچوں کی جانیں خطرے میں پڑ گئی ہیں۔ روزانہ کی بنیاد پر کتوں کے حملوں میں اضافے سے علاقہ مکین سخت پریشان ہیں، جبکہ ضلع سجاول سمیت دڑو ٹاؤن انتظامیہ کی مسلسل غفلت کا مظاہرہ کر رہی ہے۔ شہریوں کی جانب سے متعدد بار شکایت کے باوجود مؤثر کارروائی نہیں ہو سکی ہے۔ دڑو کے مکینوں نے فوری نوٹس لینے اور پاگل آوارہ کتوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔