مستقل واٹر سپلائی سسٹم قائم کرنے کا حکم
کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائیکورٹ نے ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی کے مختلف علاقوں میں پانی کی عدم فراہمی سے متعلق درخواستوں پر فیصلہ سناتے ہوئے کنٹونمنٹ بورڈ کلفٹن کو تین ماہ میں مستقل واٹر سپلائی سسٹم قائم کرنے اور اس دوران بلا امتیاز پانی کی فراہمی یقینی بنانے کا حکم دے دیا۔
جسٹس عدنان الکریم میمن اور جسٹس ذوالفقار علی سانگی پر مشتمل بینچ نے فیصلہ سنایا جس میں پانی کی فراہمی، کنٹونمنٹ بورڈ کے دائرہ اختیار اور شہریوں کے بنیادی حقوق سے متعلق اہم نکات طے کیے گئے۔ عدالت نے قرار دیا کہ صاف پانی تک رسائی آئین کے آرٹیکل 9کے تحت بنیادی حق ہے ۔اور کنٹونمنٹ بورڈ کلفٹن بطور بلدیاتی ادارہ اپنے دائرہ اختیار میں رہائشیوں کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کا پابند ہے ،اس عرصے کے دوران واٹر باؤزر کے ذریعے پانی کی فراہمی جاری رکھی جائے۔