گلشن حدید میں جرائم میں اضافہ، شہری عدم تحفظ کا شکار

گلشن حدید میں جرائم میں اضافہ، شہری عدم تحفظ کا شکار

ڈکیتی و اسٹریٹ کرائمز روز کا معمول، پولیس بے بس، کارروائی پر سوالاتپیدل ملزمان امام مسجد سے موٹر سائیکل چھین کر فرار، کیمرے خراب نکلے

کراچی(سٹی ڈیسک)گلشن حدید میں جرائم کی بڑھتی ہوئی وارداتوں نے شہریوں میں شدید خوف و ہراس پیدا کر دیا ہے ۔ تھانہ اسٹیل ٹاؤن کی حدود میں گزشتہ کچھ عرصے سے ڈکیتی، چھین جھپٹ اور اسٹریٹ کرائمز کے واقعات میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے جس کے باعث علاقے کے مکین عدم تحفظ کا شکار ہیں۔مقامی ذرائع کے مطابق تقریباً ہر روز کسی نہ کسی گلی یا سڑک پر ڈکیتی کی واردات رپورٹ ہو رہی ہے جبکہ شہریوں کا کہنا ہے کہ وہ گھروں سے نکلتے وقت خود کو غیر محفوظ محسوس کرتے ہیں۔ متاثرہ افراد نے شکایت کی ہے کہ متعدد بار اطلاع دینے کے باوجود پولیس کی جانب سے مؤثر کارروائی دیکھنے میں نہیں آ رہی۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ جرائم پیشہ عناصر دندناتے پھر رہے ہیں اور پولیس ان کے سامنے بے بس دکھائی دے رہی ہے ۔ علاقہ مکینوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر سخت اقدامات کیے جائیں، گشت میں اضافہ کیا جائے اور جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ علاقے میں امن و امان بحال ہو سکے ۔گزشتہ روز ملزمان امام مسجد سے نئی موٹر سائیکل چھین کر فرار ہوگئے ۔واردات کا مقدمہ تھانہ اسٹیل ٹاؤن میں درج کر لیا گیا۔ ملزمان پیدل آئے چند سیکنڈ میں موٹر سائیکل، موبائل فون اور نقدی لے کر باآسانی فرار ہوگئے ۔امام مسجد کے مطابق موٹر سائیکل 3 روز قبل ہی شورم سے قسطوں پر خریدی تھی۔جائے وقوعہ کے قریب لگے پولیس کیمرے بھی خراب نکلے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں