خستہ حال اسکولزپیپلز پارٹی کی ناکامی کا ثبوت،منعم ظفر

خستہ حال اسکولزپیپلز پارٹی کی ناکامی کا ثبوت،منعم ظفر

ملک بھر میں2.62کروڑ،سندھ میں 78لاکھ بچے تعلیم سے محرومگلبرگ تعلیم کارڈ کا انقلابی اقدام کرنے والاملک کا پہلا ٹاؤن بن گیا

کراچی (اسٹاف رپورٹر)امیرجماعت اسلامی کراچی منعم ظفرخان نے امیر ضلع گلبرگ وسطی کامران سراج، ٹاؤن چیئرمین گلبرگ نصرت اللہ کے ہمراہ ٹاؤن میونسپل کارپوریشن گلبرگ کے تحت فیڈرل بی ایریا بلاک 14 میں علامہ شبیر احمد عثمانی اسکول کی تزئین وآرائش کے بعد افتتاح کردیا۔اس موقع پر منعم ظفر نے کہاکہ آئین پاکستان کے آرٹیکل اے 25 کے تحت ریاست ہر بچے کو تعلیم فراہم کرنے کی پابند ہے ، بدقسمتی سے آج پاکستان میں 2 کروڑ 62لاکھ بچے اسکولوں سے باہر ہیں جبکہ سندھ میں 78لاکھ بچے تعلیم سے محروم ہیں۔صوبے کے 40ہزار اسکولوں میں سے 25 فیصد ایسے ہیں جہاں واش روم کی سہولت نہیں، 36 فیصد میں پانی دستیاب نہیں اور 74فیصد اسکول بجلی سے محروم ہیں، یہ صورتحال پیپلزپارٹی کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔جماعت اسلامی نے مختلف ٹاؤنز میں اب تک 49 اسکولوں کو ازسرِنو بحال کیا ۔گلبرگ ٹاؤن میں ساڑھے پانچ سو طلبہ میں تقریباً دو ہزار کاپیاں تقسیم کی جا رہی ہیں۔جماعت اسلامی پاکستان کے امیر حافظ نعیم الرحمن کی قیادت میں یہ واضح اعلان کیا گیا کہ تعلیمی اداروں کو این جی اوز کے حوالے کرنے کی پالیسی مسترد کرتے ہیں۔ سندھ اور پنجاب میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے نام پر حکومتی ذمہ داری سے فرار اختیار کیا جا رہا ہے جو ناقابل قبول ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ گلبرگ ٹاؤن پاکستان کا پہلا ٹاؤن ہے جس نے تعلیم کارڈ جیسا انقلابی اقدام کیا ۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں