ڈمپر کی پولیس موبائل کو ٹکر، 2 اہلکار جاں بحق

ڈمپر کی پولیس موبائل کو ٹکر، 2 اہلکار جاں بحق

حادثہ موٹروے ایم نائن پر کاٹھور کے قریب پیش آیا، ڈرائیورزیرحراستشہید اہلکار مویشی منڈی جانے والے شہریوں کی سکیورٹی ڈیوٹی پر مامور تھے

کراچی(اسٹاف رپورٹر)گڈاپ سٹی کے قریب سپر ہائی وے پر ایک افسوسناک ٹریفک حادثے میں ڈمپر کی ٹکر سے پولیس موبائل میں موجود دو اہلکار شہید ہوگئے ۔پولیس حکام کے مطابق حادثہ موٹروے ایم نائن پر کاٹھور کے قریب پیش آیا، جہاں تیز رفتار ڈمپر سڑک کنارے کھڑی پولیس موبائل سے جا ٹکرایا۔ حادثے کے نتیجے میں پولیس انسپکٹر صاحب خان اور موبائل ڈرائیور واجد موقع پر ہی جان کی بازی ہار گئے ۔پولیس کے مطابق شہید انسپکٹر صاحب خان بھینس کالونی کے رہائشی، 9 بچوں کے والد اور نوشہرو فیروز سے تعلق رکھتے تھے ، جبکہ ڈرائیور واجد میمن گوٹھ کے رہائشی، ایک بیٹے اور 3 بیٹیوں کے والد تھے ۔

واجد کا آبائی تعلق شکارپور سے تھا اور وہ گزشتہ 10 برس سے پولیس سروس انجام دے رہے تھے ۔ایس ایس پی ملیر کے مطابق حادثے کے ذمہ دار ڈمپر ڈرائیور کو حراست میں لے لیا گیا ہے ، جس کی شناخت شہاب الدین کے نام سے ہوئی۔ ابتدائی بیان میں ڈرائیور نے دوران ڈرائیونگ نیند آنے کا اعتراف کیا ہے ۔موٹروے حکام کا کہنا ہے کہ ڈمپر نوری آباد سے کراچی آ رہا تھا ڈرائیور کو نیند آنے کے باعث بے قابو ہو کر سڑک کنارے کھڑی پولیس وین پر چڑھ گیا۔ شہید اہلکار مویشی منڈی جانے والے شہریوں کی سکیورٹی ڈیوٹی پر مامور تھے ۔موٹروے پولیس کے مطابق حادثے سے متعلق مزید تحقیقات اور قانونی کارروائی جاری ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں