پولیو بوسٹر ڈوز مہم ،11لاکھ بچوں کی ویکسی نیشن ہوچکی
یونین کونسلز میں 18 لاکھ بچوں کو بوسٹر ڈوز دینے کا ٹارگٹ مقرر کیا گیا اسٹریٹ چلڈرن، محروم آبادی تک بھی پولیو ٹیموں کی رسائی جاری ہے
کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)کراچی میںایک دن کے وقفے کے بعد پولیو بوسٹر ڈوز مہم کا آغاز ہوگیا، سکولوں، مدرسوں، ہسپتالوں، مخصوص سائٹس پر پولیو بوسٹر ڈوز دی جا رہی ہے۔ 89 یونین کونسلز میں مہم 24 مئی تک جاری رہے گی، اب تک 11 لاکھ بچوں کو ویکسین دی جا چکی ہے جبکہ دور دراز علاقوں میں بھی پولیو بوسٹر ڈوز مہم جاری ہے ۔یونین کونسلوں میں 18 لاکھ بچوں کو بوسٹر ڈوز دینے کا ٹارگٹ مقرر کیا گیا ہے ، سندھ انسداد پولیو پروگرام نے بتایا کہ پولیو بوسٹر ڈوز مہم کامیابی سے جاری ہے ، والدین کا تعاون مہم کی کامیابی میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔
پولیو ٹیمیں اسکولوں، محلوں اور کمیونٹی مقامات پر بچوں کو ویکسین دے رہی ہیں جبکہ اسٹریٹ چلڈرن، محروم آبادی تک بھی پولیو ٹیموں کی رسائی جاری ہے ، ہر اہل بچے کو پولیو سے تحفظ فراہم کرنا ہماری ترجیح ہے ۔ہائی رسک علاقوں میں بچوں کی قوتِ مدافعت مضبوط بنانے کیلئے مہم جاری ہے ، گنجان آبادی، نقل و حرکت کراچی کو ہائی رسک بناتی ہے ۔پاکستان پیڈیاٹرک ایسوسی ایشن، ماہرین اطفال نے بوسٹر ڈوز کی حمایت کی ہے ، بوسٹر ڈوز عالمی ادارہ صحت کی سفارش کردہ ہے ، لاہور میں بھی بچوں کو بوسٹر ڈوز دی جا چکی ہے ۔والدین افواہوں اور غلط معلومات کو مسترد کریں اور مستند طبی مشوروں اور سائنسی حقائق پر اعتماد کیا جائے ، درست معلومات کا فروغ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔