اندرون سندھ:آج یوم عاشور،سکیورٹی انتظامات سخت
لاڑکانہ میں 179جلوس برآمد ، 181مجالس منعقد ہونگی،3300اہلکار تعیناتدرگاہ بلڑی شاہ کریم کے اطراف چاردیواری نہ ہونے کے باعث سکیورٹی خدشات
لاڑکانہ، بلڑی شاہ کریم، گھوٹکی (بیورورپورٹ، نمائندگان دنیا) ملک بھر کی طرح اندرون سندھ بھی آج یوم عاشور نہایت عقیدت اور احترام کے ساتھ منایا جائے گا۔ اس موقع پر سخت سکیورٹی انتظامات کئے گئے ہیں۔ لاڑکانہ میں حضرت امام حسینؓ اور ان کے جان نثار ساتھیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے ضلع لاڑکانہ سے 179 ماتمی جلوس برآمد ، 181 مجالس عزا منعقد کی جائیں گی، جن کی سکیورٹی کے لیے 3300 پولیس افسران، مرد و خواتین اہلکار تعینات کیے گئے ہیں، جبکہ رینجرز کے جوان بھی اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں۔ بلڑی شاہ کریم کی مرکزی امام بارگاہ زینبیہ میں مرکزی مجلس عزا منعقد ہوگی، جس میں ملک کے معروف ذاکر اور علمائے کرام حضرت امام حسینؓ اور شہدائے کربلا کی عظیم قربانیوں اور فلسفہ کربلا پر روشنی ڈالیں گے ۔ دوسری جانب درگاہ بلڑی شاہ کریم کے اطراف چاردیواری نہ ہونے کے باعث سکیورٹی خدشات بھی ظاہر کیے جا رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق مرکزی امام بارگاہ زینبیہ اور درگاہ بلڑی شاہ کریم کو حساس قرار دیا گیا ہے۔ گھوٹکی ضلع میں جلوسوں اور مجالس عزا کے سلسلے میں سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں۔ جبکہ جلوسوں اور مجالس کے اطراف پولیس کا مسلسل گشت جاری ہے۔ایس ایس پی گھوٹکی محمد انور کھیتران نے کہا کہ عوام کی جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ذمہ داری ہے۔