پنگریو:اشتہاریوں،منشیات فروشوں سمیت 17ملزم گرفتار
موٹر سائیکلیں، کنفیکشنری سامان، انڈین گٹکا، موبائل فون، غیر قانونی اسلحہ برآمد کارروائیاں ٹنڈو باگو ،تلہار ، ڈیئی ، بدین اور شہید فاضل راہو پولیس نے کیں
پنگریو (نمائندہ دنیا) ضلع بدین میں پولیس نے جرائم پیشہ عناصر، اشتہاری و روپوش ملزموں اور منشیات فروشوں کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائیاں کرتے ہوئے چھینی و چوری کی گئی 3 موٹر سائیکلیں، کنفیکشنری کا سامان، انڈین گٹکا، مسروقہ موبائل فون، نقد رقم اور غیر قانونی اسلحہ برآمد ،ااشتہاری اور روپوش ملزموں سمیت 17 ملزموں کو گرفتار کرلیا۔ پولیس ترجمان کے مطابق تھانہ ٹنڈو باگو نے شہریوں چھینی گئی دو موٹر سائیکلیں برآمد کرلیں، جرائم پیشہ گینگ کے اشتہاری ملزم حاجی رمضان عمرانی کو غیر قانونی اسلحہ سمیت ، چوری، اقدام قتل اور دیگر مقدمات میں مطلوب اشتہاری نیاز عمرانی کو گرفتار کرلیا،جبکہ پہاڑ مری اسٹاپ کے قریب پارو کولہی کی دکان سے چوری کنفیکشنری کا سامان بھی برآمد کرلیا گیا۔ گٹکا فروش غلام حسین کو گرفتار کرکے 300 گٹکے برآمد کیے گئے ۔ تلہار پولیس نے مطلوب ملزم شان شیدی کو گرفتار، مسروقہ موبائل فون اور 10 ہزار روپے برآمد کرلئے ۔ ڈیئی پولیس نے روپوش ملزم سمیر کاتیار، کھوسکی پولیس نے قتل کے مقدمے میں مطلوب ملزموں گل حسن پاڑھو اور غلام مصطفیٰ پاڑھو کو گرفتار کرلیا۔ ایک اور کارروائی میں گولارچی کے رہائشی عرفان آرائیں کی چوری شدہ موٹر سائیکل برآمد کرلی گئی۔ دوسری جانب بدین پولیس نے گٹکا فروش ملزمہ کائنات اور عرفان شیخ کو گرفتار کرکے گٹکے برآمد کیے ۔ شہید فاضل راہو پولیس نے گٹکا فروشوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے شان مسیح، جہانزیب ، کرم نہڑیو، حنیف ہنگورجو اور مظہر مندھرو کو گرفتار کرلیا۔ پولیس نے تمام ملزموں کے خلاف مقدمات درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی۔