اندرون سندھ:حکومتی کنٹرول نہ ہونے سے ایل پی جی مہنگی فروخت
سرکاری نرخ 241روپے مقرر، کئی شہروں میں 420روپے کلو تک فروختحکومت ایل پی جی کی قیمتیں کنٹرول کرے ، آصف معراج، فرق پراظہار تشویش
میرپور خاص، سانگھڑ(نمائندگان دنیا)حکومتی کنٹرول نہ ہونے سے اندرون سندھ ایل پی جی بدستور مہنگے داموں فروخت ہورہی ہے ، میرپور خاص میں 420 سے 500 روپے کلو جبکہ سانگھڑ میں 300 روپے کلو تک بیچی جارہی ہے۔ سانگھڑ شہر اور گردونواح میں صارفین کو سرکاری نرخوں پر گیس دستیاب نہیں ہو سکی۔ مختلف علاقوں میں ایل پی جی 300 روپے فی کلو تک فروخت کیے جانے کی شکایات سامنے آ رہی ہیں، جس کے باعث شہری اضافی قیمت ادا کرنے پر مجبور ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ جب ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافہ ہوتا ہے تو دکاندار فوری طور پر نئی قیمت نافذ کر دیتے ہیں، لیکن قیمتوں میں کمی کے باوجود عوام کو اس کا فائدہ نہیں پہنچایا جاتا۔ ان کے مطابق اوگرا کے مقررہ نرخوں پر عملدرآمد نہ ہونے سے عام صارفین شدید مالی بوجھ کا شکار ہیں۔
ادھر میرپور خاص میں 420 روپے سے 500 روپے کلو تک میں بیچی جارہی ہے۔ اس سلسلے میں پاکستان مسلم لیگ (ن) سندھ کے نائب صدر آصف معراج راجپوت نے سرکاری قیمت اور مارکیٹ میں وصول نرخوں کے درمیان واضح فرق پر شدید تشویش کا اظہار کیا، انہوں نے کہا کہ اوگرا کی مقررہ قیمت تقریباً 241 روپے فی کلو ہونے کے باوجود مختلف شہروں میں ایل پی جی 420 سے 500 روپے فی کلو تک فروخت کی جا رہی ہے ، جو کھلی منافع خوری اور عوام کا استحصال ہے ، آصف معراج راجپوت نے اوگرا اور صوبائی متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا کہ ایل پی جی مافیا کے خلاف فوری، مؤثر اور بلاامتیاز کارروائی کی جائے۔