بدین:محکمہ تعلیم میں بغیر تصدیق بھرتیوں کے تقرر منسوخ
سال 2023میں گریڈ ایک سے 4تک غیر تدریسی عملے کوبھرتی کیا گیا تھاجانچ پڑتال کے دوران ڈپٹی کمشنر دفتر میں موجود 261امیدوار مستند قرار
پنگریو (نمائندہ دنیا) بدین کے تعلیمی افسر (ایلیمنٹری، سیکنڈری و ہائیر سیکنڈری) نے سال 2023 میں گریڈ 1 سے 4 کے غیر تدریسی عملے کی بھرتیوں سے متعلق اہم حکم نامہ جاری کرتے ہوئے غیر تصدیق شدہ تقرر کے احکامات فوری طور پر واپس لینے اور منسوخ کرنے کا اعلان کر دیا ہے ۔ جاری دفتری حکم نامے کے مطابق ڈپٹی کمشنر بدین، جو ڈسٹرکٹ ریکروٹمنٹ کمیٹی (ڈی آر سی) کے چیئرمین ہیں، کے دفتر میں موجود اصل ریکارڈ کی جانچ پڑتال کے دوران معلوم ہوا کہ 261 امیدواروں پر مشتمل فہرست مستند قرار دی گئی ہے ، جبکہ 406 امیدواروں پر مشتمل ایک دوسری فہرست چیئرمین ڈی آر سی سے غیر تصدیق شدہ پائی گئی۔ حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ غیر تصدیق شدہ ریکارڈ کی بنیاد پر جاری تقرر اور پوسٹنگ آرڈرز، جو ضمیمہ ’’اے ‘‘ میں شامل ہیں، فوری طور پر منسوخ کیے جاتے ہیں اور ان کی بنیاد پر کسی بھی قسم کی مزید سرکاری کارروائی نہ کی جائے ۔ ضلعی تعلیمی افسر نے تمام تعلقہ تعلیمی افسران، اسکول سربراہان اور اداروں کے پرنسپلز کو ہدایت کی ہے کہ منسوخ شدہ تقرر کے احکامات رکھنے والے افراد کو سرکاری ملازم تصور نہ کیا جائے اور نہ ہی انہیں ملازمت سے متعلق کوئی سرکاری سہولت یا اختیار دیا جائے ۔ حکم نامے کے مطابق یہ فیصلہ شفافیت، قانونی تقاضوں کی پاسداری، سرکاری ریکارڈ کی حفاظت اور بھرتیوں کے عمل کو مستند بنانے کیلئے ڈپٹی کمشنر بدین کے دفتر میں موجود تصدیق شدہ ڈی آر سی ریکارڈ کی مکمل جانچ پڑتال کے بعد کیا گیا ہے۔