جامعہ کراچی کی طلبا تنظیموں کے درمیان تصادم ، 2زخمی
اسپتال منتقل، شعبہ بین الاقوامی تعلقات میں جھگڑا ہوا، وزیر جامعات کا نوٹسرپورٹ طلب کرلی، شفاف وغیرجانب دارانہ تحقیقات کی جائیں، اسماعیل راہو
کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک،اسٹاف رپورٹر) جامعہ کراچی میں طلبہ تنظیموں کے درمیان تصادم میں دو طلبا زخمی ہوگئے ، جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق جامعہ کراچی کے شعبہ بین الاقوامی تعلقات میں دو طلبہ تنظیموں کے کارکنوں کے درمیان تصادم میں دو طلبا زخمی ہوگئے ، واقعے کے بعد پولیس کی بھاری نفری جامعہ پہنچ گئی اور صورتحال کو قابو میں لے لیا۔طلبہ تنظیم کے مطابق دونوں تنظیموں کے کارکنوں کے درمیان پہلے تلخ کلامی ہوئی، جو بعد ازاں ہاتھا پائی اور تصادم میں تبدیل ہوگئی۔ واقعے کے بعد شعبہ بین الاقوامی تعلقات اور اطراف میں سکیورٹی مزید سخت کر دی گئی۔ دوسری جانب اسلامی جمعیت طلبہ نے الزام عائد لگایا کہ کئی ماہ سے انتظامیہ کو متعدد درخواستوں کے ذریعے کیمپس میں مبینہ غیر متعلقہ افراد کی آمد اور امن و امان کی صورتحال سے آگاہ کیا جا رہا تھا، تاہم مؤثر اقدامات نہیں کیے گئے ۔تنظیم کے مطابق تصادم کے بعد مبینہ باہر سے آنیوالے افراد موقع سے فرار ہوگئے ، جبکہ جامعہ کے زیرِ تعلیم بعض طلبہ کو پولیس نے حراست میں لے لیا۔ اس حوالے سے وزیر جامعات و بورڈز سندھ محمد اسماعیل راہو نے واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے وائس چانسلر جامعہ کراچی سے فوری رپورٹ طلب کر لی۔ انہوں نے شفاف اور غیرجانب دارانہ تحقیقات کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ذمہ دار عناصر کے خلاف یونیورسٹی قواعد و ضوابط اور قابلِ اطلاق قانون کے مطابق بلاامتیاز کارروائی کی جائے ۔