پولیس وردی میں ملبوس افراد شہری کی موٹرسائیکل لے اڑے

پولیس وردی میں ملبوس افراد شہری کی موٹرسائیکل لے اڑے

شہری وقار نے تھانے میں درخواست جمع کراتے ہوئے فوٹیج فراہم کردیملزمان کو گرفتار کر کے نئی موٹر سائیکل برآمد کرائی جائے ،شہری کا مطالبہ

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)گلشن غازی میں پولیس وردی میں ملبوس افراد شہری سے نئی موٹرسائیکل لے کر کر فرار ہوگئے ۔نجی ٹی وی کے مطابق یہ واقعہ گلشن غازی میں پیش آیا جہاں شہری وقار احمد سے موٹر سائیکل سوار 2 پولیس اہلکار نئی 125 بائیک لے کر چلے گئے ۔شہری نے موٹر سائیکل زبردستی لیجانے کے واقعے کے حوالے سے درخواست اتحاد ٹاؤن تھانے میں جمع کرا دی جس میں مؤقف اختیار کیا کہ موٹر سائیکل سوار دونوں اہلکار وردی میں اور مسلح تھے جنہوں نے کہا کہ مدینہ کالونی تھانے آجاؤ وہاں بات ہوگی،تاہم جب مدینہ کالونی تھانے گیا تو بتایا گیا کہ ان کے تھانے میں ایسے کوئی اہلکار موجود نہیں ہیں۔درخواست گزار وقار احمد کے مطابق وہ گلشن غازی بلاک ون میں واٹرفلٹر چلارہا ہے اور جمعرات کی دوپہر اپنے ملازم مزمل کو مدرسے سے بچوں کو لانے کیلئے موٹر سائیکل دی تھی،ملازم جب واپس آیا تو دکان کے سامنے سے دو پولیس اہلکار اس سے موٹر سائیکل لیکر چلے گئے ۔ شہری نے بتایا کہ اتحاد ٹاؤن تھانے پہنچنے کے بعد مجھے انتظار کروا کر کہا گیا کہ ایس ایچ او آنے کے بعد مقدمہ درج کیا جائے گا۔شہری نے موٹرسائیکل لے جانے کی واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی پولیس کو فراہم کردی جس میں دونوں پولیس اہلکار ملازم سے موٹر سائیکل لینے کے بعد الگ الگ جاتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں۔درخواست گزار نے اعلیٰ افسران سے مطالبہ کیا ہے کہ ملزمان کو فوری گرفتار کر کے میری نئی موٹر سائیکل برآمد کرائی جائے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں