گلشن اقبال کو حقیقی معنوں میں گلشن بنایاجارہا ، منعم ظفر
اربن فاریسٹ کا قیام موسمیاتی تبدیلی میں شہریوں کیلئے بہتر زندگی کی علامت حکومتی سرپرستی سے کراچی کنکریٹ کا جنگل بن گیا ،امیر جماعت اسلامی کراچی
کراچی (اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے امیر ضلع شرقی نعیم اختر،ٹاؤن چیئرمین گلشن اقبال ڈاکٹر فوادکے ہمراہ اسماء گارڈن سے متصل یوسی 6 گلشن اقبال میں اربن فاریسٹ کا افتتاح کردیا۔ انہوں نے گرین کراچی شجر کاری مہم کے سلسلے میں پودا بھی لگایا۔ منعم ظفر خان نے خطاب کرتے ہوئے گلشن اقبال ٹاؤن میں اربن فاریسٹ کے قیام پر علاقہ مکینوں کومبارکباداور ٹاؤن چیئر مین اور ان کی پوری ٹیم کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ گلشن اقبال کو حقیقی معنوں میں گلشن بنانے کا کام کیا جارہا ہے ۔گلشن اقبال میں اربن فاریسٹ کا قیام موسمیاتی تبدیلی میں شہریوں کیلئے بہتر زندگی کی علامت ہے ۔ گزشتہ سال یونیورسٹی میں بھی ایک ہزار سے زائد درخت لگائے گئے تھے ۔ جماعت اسلامی کا وژن ہے کہ 9 ٹاؤنز میں اربن فاریسٹ قائم کریں گے ، ہم نے اپنے ٹاؤنز میں 3 سال میں 234 پارکس بحال اور پارکوں میں اوپن ائیر جم کا تصور پیش کیا۔ ماحولیاتی تبدیلی کے پیش نظر شہر میں بڑے پیمانے پر درخت لگانے کی ضرورت ہے ، جماعت اسلامی کی بلدیاتی قیادت شجر کاری مہم اور اربن فاریسٹ کے ذریعے یہ کام کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت اور دیگر حکومتی اداروں کی سرپرستی سے کراچی عملاً کنکریٹ کا جنگل بن گیا ہے ۔ بڑی بڑی عمارتیں تو کھڑی ہوگئی ہیں لیکن درختوں کو ختم کردیا گیا۔ ریڈ لائن کیلئے ملیر کینٹ تا مزار قائد تک ہزاروں درخت اکھاڑ دیے گئے ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments