عراق کا امریکی قیادت میں اتحادی افواج کا مشن 30 ستمبر کو ختم کرنے کا اعلان
بغداد: (دنیا نیوز) عراق نے امریکی قیادت میں داعش کے خلاف قائم عالمی فوجی اتحاد کے مشن کے خاتمے اور اتحادی افواج کے انخلا کیلئے 30 ستمبر کی تاریخ کو حتمی قرار دے دیا ہے۔
عراقی وزیراعظم علی الزیدی نے کہا ہے کہ 30 ستمبر مقررہ اور آخری تاریخ ہے، اس کے بعد عراق میں غیر ملکی فوجی موجودگی ختم ہو جائے گی۔
عراقی وزیراعظم کے دفتر کے مطابق علی الزیدی نے امریکی سینٹرل کمانڈ کے کمانڈر جنرل بریڈ کوپر سے ملاقات کے دوران انخلا کی حتمی تاریخ پر اتفاق کی تصدیق کی ہے۔
دونوں جانب سے اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ مستقبل میں عراق اور امریکا کے تعلقات اقتصادی، ترقیاتی اور سکیورٹی تعاون پر مبنی ہوں گے۔
امریکی حکام نے بھی تصدیق کی ہے کہ امریکی فوج 30 ستمبر تک عراق سے انخلا مکمل کرنے کی توقع رکھتی ہے، تاہم باقی رہ جانے والے فوجیوں کی تعداد اور ان کی آئندہ تعیناتی کے بارے میں تفصیلات نہیں بتائی گئیں۔
عراق میں امریکی فوجی موجودگی 2003ء کے امریکی حملے کے بعد شروع ہوئی تھی، جبکہ داعش کے خلاف جنگ کیلئے امریکی فوجی 2014ء میں دوبارہ عراق پہنچے تھے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments