یوٹیوب نے نئے کریئیٹرز کیلئے کمائی کی شرائط سخت کر دیں
نیویارک: (دنیا نیوز) یوٹیوب نے نئے کریئیٹرز کے لیے اپنے پلیٹ فارم سے آمدنی حاصل کرنے کی شرائط مزید سخت کرنے کا اعلان کر دیا ہے، نئی پالیسی کے تحت یوٹیوب پارٹنر پروگرام میں شامل ہو کر اشتہارات اور یوٹیوب پریمیم سے کمائی کے لیے پہلے کے مقابلے میں زیادہ واچ آورز یا شارٹس ویوز حاصل کرنا ہوں گے۔
گوگل کی ملکیت یوٹیوب کے مطابق نئی شرائط یکم فروری 2027 سے نئے درخواست گزاروں پر لاگو ہوں گی، نئی پالیسی کے تحت نئے کریئیٹرز کو گزشتہ 365 دنوں میں 8 ہزار اہل واچ آورز یا گزشتہ 90 دنوں میں 2 کروڑ اہل یوٹیوب شارٹس ویوز حاصل کرنا ہوں گے۔
اس سے قبل یوٹیوب پارٹنر پروگرام میں شمولیت کے لیے 4 ہزار واچ آورز یا ایک کروڑ شارٹس ویوز درکار تھے، یعنی دونوں اہداف کو دگنا کر دیا گیا ہے۔
تاہم یوٹیوب نے سبسکرائبرز کی کم از کم شرط میں کوئی تبدیلی نہیں کی، نئے کریئیٹرز کو بدستور یوٹیوب پارٹنر پروگرام کے لیے کم از کم ایک ہزار سبسکرائبرز درکار ہوں گے۔
یوٹیوب پارٹنر پروگرام کے ذریعے دنیا بھر میں 30 لاکھ سے زائد کریئیٹرز اپنی ویڈیوز سے آمدنی حاصل کر رہے ہیں۔ نئی پالیسی کا اطلاق یکم فروری 2027 سے پروگرام میں شمولیت کے لیے نئی درخواستیں دینے والے کریئیٹرز پر ہوگا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments