شہرِ قائد میں پولیس مقابلہ، 2 مبینہ بھتہ خور ہلاک
کراچی:(دنیا نیوز) شہرِ قائد کے علاقے اتحاد ٹاؤن میں پولیس اور مسلح ملزمان کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں دو ملزمان ہلاک جبکہ دو فرار ہوگئے۔
پولیس حکام کے مطابق ہلاک ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، موبائل فونز، مختلف شناختی کارڈز اور نقدی برآمد ہوئی ہے، ابتدائی تفتیش میں ہلاک ملزمان کا تعلق بین الصوبائی جرائم پیشہ گروہ سے ہونے کے شواہد سامنے آئے ہیں، ملزمان بلدیہ کے علاقے میں تاجروں سے بھتہ طلب کرنے سمیت دیگر سنگین جرائم میں پولیس کو مطلوب تھے۔
دوسری جانب پولیس حکام کا کہنا تھا کہ ملزمان پر گزشتہ ماہ اتحاد ٹاؤن کے علاقے میں پولیس سے مشابہ یونیفارم پہن کر موٹرسائیکل چھیننے میں ملوث ہونے کا بھی شبہ ہے۔
پولیس نے بتایا کہ ہلاک ملزمان کی شناخت محمد ادریس ولد راجہ شیراز اور شہاب الدین غوری ولد محمد ایوب کے ناموں سے ہوئی ہے، دونوں ملزمان کا کریمنل ریکارڈ بھی حاصل کرلیا گیا ہے۔
تفتیشی حکام کا مزید کہنا تھا کہ محمد ادریس کے خلاف 18 جبکہ شہاب الدین غوری کے خلاف 21 مقدمات درج ہونے کا ریکارڈ سامنے آیا ہے، ملزمان کے خلاف مقدمات کے اندراج اور مزید تفتیش کا سلسلہ جاری ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments