ایل اے17: انتخابی تنازع کے بعد ہوتر میں چند افراد کا گاڑیوں پر حملہ، متعددکے شیشے توڑ دیے
مظفرآباد: (محمد اسلم میر) آزاد جموں و کشمیر کے حلقہ ایل اے-17 حویلی میں انتخابی تنازع کے باعث سیاسی کشیدگی کے دوران ہوتر گاؤں میں سڑک کنارے کھڑی متعدد گاڑیوں کی توڑ پھوڑ کا واقعہ پیش آیا۔
واقعے میں گاڑیوں کے شیشے توڑے جانے کے علاوہ بعض افراد کے پاسپورٹ اور نقدی لے جانے کا بھی الزام عائد کیا گیا ہے۔
مقامی ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) اور ایک آزاد امیدوار کے کارکنان پر الزام ہے کہ انہوں نے پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما اور انٹرنیشنل کشمیر پیس فورم یورپ کے صدر زاہد ہاشمی کے آبائی گاؤں ہوتر میں ان کے گھر کے باہر موجود افراد پر حملہ کیا۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ اس دوران سڑک پر کھڑی متعدد گاڑیوں کو نقصان پہنچایا گیا، متاثرہ گاڑیوں میں ان افراد کی گاڑیاں بھی شامل ہیں جو سعودی عرب سے خصوصی طور پر ووٹ ڈالنے کے لیے حویلی پہنچے تھے، الزام ہے کہ حملہ آوروں نے گاڑیوں کے شیشے توڑنے کے بعد بعض افراد کے پاسپورٹ اور نقدی بھی اپنے ساتھ لے گئے۔
مقامی ذرائع نے بتایا کہ واقعے کے محرکات کے حوالے سے مختلف دعوے سامنے آ رہے ہیں، جبکہ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں ، دوسری جانب حکام کا کہنا ہے کہ قانون ہاتھ میں لینے والے افراد کے خلاف شواہد کی روشنی میں کارروائی کی جائے گی۔
اِسی طرح حلقہ ایل اے-17 حویلی میں حالیہ انتخابی تنازع کے باعث سیاسی ماحول پہلے ہی کشیدہ ہے۔ ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر حویلی نے بدھ کے روز فارم 27 کے مطابق فیصل ممتاز راٹھور کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا۔
اس کے بعد مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں کی جانب سے پیپلزپارٹی کے ورکرز پر مبینہ حملوں کے واقعات سامنے آئے جب کہ ہوتر میں گاڑیوں کی توڑ پھوڑ کے تازہ واقعے نے صورتحال کو مزید حساس بنا دیا ہے۔
علاوہ ازیں علاقہ مکینوں نے انتظامیہ اور پولیس سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے میں ملوث افراد کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے اور علاقے میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔
مزید برآں دوسری جانب مسلم لیگ (ن) نے ہوتر سمیت پیش آنے والے ان واقعات سے لاتعلقی کا اظہار کرتے ہوئے کسی بھی قسم کے حملے یا توڑ پھوڑ میں ملوث ہونے کی تردید کی ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments