آسٹریا: روسی دفاعی صنعت کو سامان کی فراہمی پر 2 بیلا روسی شہریوں کو سزا سنا دی گئی

ویانا: (دنیا نیوز) آسٹریا کی عدالت نے 2 بیلا روسی شہریوں کو برآمدی پابندیوں کی خلاف ورزی کا مجرم قرار دیتے ہوئے سزا سنا دی۔

خبر ایجنسی کے مطابق دونوں بیلا روسی شہریوں پر روسی کمپنیوں کو ایسا صنعتی سامان فراہم کرنے کا الزام تھا جس کے بارے میں آسٹریا کی حکومت کا کہنا ہے کہ اسے میزائلوں اور لڑاکا طیاروں کے انجن سمیت فوجی سازوسامان کی تیاری میں استعمال کیا جاتا تھا۔

مرکزی ملزم 28 سالہ شخص ہے، جس کا نام ظاہر نہیں کیا گیا، وہ ویانا میں قائم ایک کمپنی کا ڈائریکٹر تھا، استغاثہ کے مطابق اس کمپنی نے تیسرے ممالک میں قائم متعدد جعلی یا کاغذی کمپنیوں کے نیٹ ورک اور جعلی حتمی صارف کے سرٹیفکیٹس استعمال کرتے ہوئے روس کو خصوصی دھاتی کام کے آلات اور مشینیں بھیجیں، یہ مشینیں مختلف پرزوں اور صنعتی آلات کی تیاری کیلئے استعمال کی جا سکتی ہیں۔

دوسری ملزمہ 24 سالہ خاتون تھی، جو کمپنی کے مالیاتی حسابات دیکھتی تھی، دونوں ملزمان کمپنی میں شراکت دار بھی تھے اور انہوں نے عدالت میں اپنا جرم تسلیم کر لیا۔

عدالت نے مرکزی ملزم کو 21 ماہ قید کی سزا سنائی تاہم ان میں سے 19 ماہ معطل کر دیے گئے، وہ مئی سے حراست میں تھا اس لیے فیصلے کے بعد اسے رہا کر دیا گیا، خاتون ملزمہ کو 15 ماہ کی معطل شدہ سزا سنائی گئی، دونوں نے عدالت کے فیصلے کے خلاف اپیل نہ کرنے کا فیصلہ کیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...