سجاول:سندھ کی تقسیم قبول نہیں، قرارداد منظور کرائینگے ، ملکانی
سندھ دھرتی ہماری ماں، اولاد ماں تقسیم نہیں ہونے دیتی، صوبائی وزیر فشریز
دڑو (نمائندہ دنیا)صوبائی وزیر فشریز و لائیو اسٹاک اور پیپلز پارٹی ضلع سجاول کے صدر محمد علی ملکانی نے کہا ہے کہ سندھ کی تقسیم کے معاملے پر سندھ اسمبلی میں بھرپور بحث کرائی جائے گی اور سندھ کی تقسیم کیخلاف قرارداد بھی منظور کرائی جائیگی۔ سندھ پاکستان کا اٹوٹ انگ ہے ، سندھ دھرتی قیامت تک قائم رہے گی، دڑو میں پیپلز پارٹی کے سابق ضلعی صدر ارباب وزیر احمد میمن کی رہائش گاہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محمد علی ملکانی نے کہا کہ سندھ اسمبلی میں موجود ہر منتخب نمائندے کو سندھ کی تقسیم کے معاملے پر اپنا واضح مؤقف پیش کرنا ہوگا۔ سندھ کے عوام اپنی دھرتی، ملک اور صوبے سے محبت کرتے ہیں وہ سندھ کی تقسیم کسی صورت قبول نہیں کریں گے ، انہوں نے کہا کہ جو اسمبلی رکن سندھ کی تقسیم کے معاملے پر خاموش رہے گا، اسے عوام کے سامنے جواب دینا ہوگا۔
پیپلز پارٹی کے تمام وفادار ارکان سندھ کی تقسیم کے خلاف بھرپور آواز اٹھا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ دھرتی ہماری ماں ہے اور کوئی بھی اولاد اپنی ماں کو تقسیم نہیں ہونے دیگی، صوبائی وزیر نے کہا کہ سندھ کی دھرتی پر رہنے والا اور دریائے سندھ کا پانی پینے والا ہر باشعور شخص سندھ کی تقسیم کے خلاف ہے ۔ سندھ اسمبلی کا اجلاس دو ہفتوں تک جاری رہے گا، اس دوران سندھ تقسیم کیخلاف قرارداد منظور کرائی جائیگی، محمد علی ملکانی نے سجاول ضلع میں گریڈ ایک سے چار تک کی ملازمتیں میرٹ کی بنیاد پر دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ بھرتیوں کا عمل جلد شروع کیا جائے گا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments