حیدر آباد:سرکاری اسپتال پی پی ایچ آئی کو دینے کیخلاف ریلی
سروس اسٹرکچر، ترقیوں سے محروم رکھنے کیخلاف گرینڈ ہیلتھ الائنس کی اپیل پراحتجاجحکومت اسپتال بہتر بنانے کے بجائے این جی اوز کودے رہی ہے ، ڈاکٹر روشن ودیگر
حیدر آباد (بیورو رپورٹ)سندھ حکومت کی جانب سے سرکاری اسپتالوں کو پی پی ایچ آئی کے حوالے کرنے اور سروس اسٹرکچر سمیت ترقیوں سے محروم رکھنے کیخلاف گرینڈ ہیلتھ الائنس کی اپیل پر ڈاکٹر روشن چانڈیواور دیگر کی قیادت میں سول اسپتال سے پریس کلب تک ریلی نکالی اورمظاہرہ کیا گیا۔اس موقع پر رہنماؤں نے کہا کہ حکومت محکمہ صحت میں بہتری لانے کے بجائے حساس عوامی ادارے کو پی پی ایچ آئی اور این جی اوز کے حوالے کر کے عوام دشمن اقدام کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری اسپتالوں کو ادویات سمیت دیگر سہولیات فراہم کرنا اور ان کی نگرانی کرنا محکمہ صحت سندھ کی ذمہ داری ہے ، اگر کسی اسپتال میں کوئی کمی یا بدانتظامی ہے تو اسے دور کیا جائے ، اداروں کو نجی این جی اوز کے حوالے نہ کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت پہلے ہی ضلعی اور تعلقہ اسپتالوں کے علاوہ بی ایچ یو اور رورل ہیلتھ سینٹرز کو پی پی ایچ آئی کے حوالے کرنے کا تجربہ کر چکا، جو ناکام ثابت ہوا ہے ۔ پی پی ایچ آئی دیہی علاقوں کے اسپتالوں کو بہتر نہیں بنا سکی بلکہ اس کے برعکس اسپتالوں کا ماحول مزید خراب ہو گیا۔ پی پی ایچ آئی کودیئے گئے اسپتالوں میں ادویات سمیت بنیادی صحت کی سہولیات دستیاب نہیں، جس سے مریض تعلقہ اور ضلعی اسپتالوں کا رخ کرنے پر مجبورہیں۔رہنماؤں نے کہا کہ ضلعی اور تعلقہ اسپتالوں کو بھی پی پی ایچ آئی کے حوالے کرنے سے محکمہ صحت میں کام کرنیوالے ڈاکٹرز اور دیگر عملے کا مستقبل دا ؤپر لگ جائیگا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments