حیدر آباد:گندم بوری 2500 روپے مہنگی، چیئرمین سائٹ کوتشویش
حکومت مہنگائی کنٹرول، بنیادی ضروریات کی مناسب دام پرفراہمی میں ناکام، زبیر گھانگرا
حیدرآباد (بیورو رپورٹ)سائٹ ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری کے چیئرمین زبیر احمد گھانگرا نے گندم کی بوری کی قیمت میں 2,500روپے اضافے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت مہنگائی پر قابو پانے اور عوام کو بنیادی غذائی ضروریات مناسب قیمتوں پر فراہم کرنے میں ناکام ہو چکی ہے ، گندم اور آٹے جیسی بنیادی غذائی اشیا کی قیمتوں میں اس قدر اضافہ غریب اور متوسط طبقے کے لیے ناقابل برداشت ہے ۔ عوام پہلے ہی مہنگائی کے بوجھ تلے دبے ہوئے ہیں اور ان حالات میں مزید اضافہ ان کی مشکلات بڑھا دے گا۔انہوں نے کہا کہ ماضی میں صوبائی حکومت بجٹ کے تحت کسانوں سے گندم خریدتی تھی، جس سے گندم کی قیمتوں میں استحکام برقرار رکھنے اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے میں مدد ملتی تھی۔
لیکن اب حکومت کی جانب سے گندم کی خریداری نہ ہونے سے قیمتوں میں اضافے اور عوامی مشکلات میں مزید اضافہ ہو رہا ہے۔ آئی ایم ایف کی شرائط کے باعث حکومتی پالیسیوں پر پڑنے والے اثرات بھی قابلِ غور ہیں۔زبیر احمد گھانگرا نے کہا کہ افسوس کی بات ہے کہ آئی ایم ایف اراکینِ اسمبلی اور وزرا کی تنخواہوں اور مراعات میں اضافے ، نئی گاڑیوں اور سرکاری جہازوں کی خریداری جیسے معاملات پر عوام کو ریلیف دینے کی طرح سخت سوالات نہیں اٹھاتا، لیکن جب اشیائے خورونوش سستی کرنے اور عوام کو سہولت فراہم کرنے کی بات آتی ہے تو مختلف شرائط سامنے آ جاتی ہیں۔ یہ صورتحال عوام کے ساتھ ناانصافی کے مترادف ہے ۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت آئی ایم ایف سے مذاکرات کے دوران اشیائے خورونوش کو مہنگائی کے دبا سے محفوظ رکھنے کے لیے موثر اقدامات کرے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments