خصوصی بچوں کو کھیلوں کے یکساں مواقع فراہم کرنے کا فیصلہ
صوبائی حکومت خصوصی کھلاڑیوں کی سرپرستی کے لیے پرعزم ہے ،سیکریٹری کھیلمحکمہ کھیل کے زیراہتمام تائیکوانڈو چیمپئن شپ ، خصوصی بچوں کی شرکت
کراچی (آئی این پی)سندھ حکومت نے خصوصی بچوں کو کھیلوں کے میدان میں آگے بڑھانے اور یکساں مواقع فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔محکمہ کھیل و امور نوجوانان سندھ کے زیرِ اہتمام ڈسٹرکٹ ویسٹ انٹر کلب اینڈ پیرا تائیکوانڈو چیمپئن شپ 2026 کا انعقاد کیا گیا، جس میں سیکریٹری کھیل و امور نوجوانان سندھ منور علی مہیسر نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر انہوں نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے خصوصی کھلاڑیوں کے لیے 50 ہزار روپے انعام دینے کا اعلان کیا۔تقریب میں رکن سندھ اسمبلی آصف موسیٰ، ڈائریکٹر کھیل اسد اسحاق سمیت 100 سے زائد خصوصی بچوں نے شرکت کی۔ منور علی مہیسر نے کہا کہ خصوصی بچوں میں بے پناہ صلاحیتیں موجود ہیں۔
جنہیں مناسب مواقع، حوصلہ افزائی اور سرپرستی فراہم کرکے کھیلوں کے میدان میں آگے بڑھایا جا سکتا ہے ۔ وزیر کھیل و امور نوجوانان سندھ سردار محمد بخش مہر کی ہدایات پر سندھ حکومت خصوصی کھلاڑیوں کی سرپرستی، ان کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے اور کھیلوں کے فروغ کے لیے پرعزم ہے ۔چیمپئن شپ میں پاکستان کی بین الاقوامی پیرا ایتھلیٹ سائرہ نے بھی شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا۔ سیکریٹری کھیل نے سائرہ سمیت دیگر نمایاں کھلاڑیوں کی کارکردگی کو سراہا اور ان کی حوصلہ افزائی کے لیے 50 ہزار روپے انعام دینے کا اعلان کیا۔ چیمپئن شپ کی کلب کیٹیگری میں یونیورسل ٹائیگرز اکیڈمی جبکہ اسکول کیٹیگری میں الائیڈ اسکول نے پہلی پوزیشن حاصل کی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments