بچوں کے امراضِ قلب سے متعلق تعلیمی فورم کا انعقاد
پیدائشی امراض کی بروقت تشخیص اور موثر علاج کے لیے جدید ٹیکنالوجی پرزوراین آئی سی وی ڈی میں منعقدہ فورم میں امراضِ قلب کے ماہرین کی شرکت
کراچی(این این آئی) نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیو ویسکیولر ڈیزیزز (این آئی سی وی ڈی) کراچی میں پیدائشی اور بچوں کے امراضِ قلب سے متعلق تعلیمی فورم سندھ کا پہلا پروگرام منعقد ہوا، جس کا مقصد بچوں میں دل کی بیماریوں کی تشخیص اور علاج کو بہتر بنانے ، طبی تعلیم کے فروغ اور متعلقہ ماہرین کے درمیان تعاون کو مضبوط بنانا تھا۔ پروگرام میں امراضِ قلب کے ماہرین اور شعبہ صحت سے وابستہ طبی ماہرین نے شرکت کی، جہاں بچوں میں دل کی بیماریوں کی تشخیص، علاج کے جدید طریقوں اور طبی شعبے میں پیش آنے والے عملی تجربات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ شرکاء نے مسلسل طبی تعلیم، جدید تشخیصی سہولتوں اور ماہرین کے درمیان علم و تجربات کے تبادلے کی اہمیت پر زور دیا۔
اس امر کو اجاگر کیا گیا کہ پیدائشی دل کی بیماریوں میں مبتلا بچوں کے علاج کے نتائج بہتر بنانے کے لیے بروقت تشخیص، جدید طبی سہولتوں کی دستیابی، ماہرین کی پیشہ ورانہ تربیت اور صحت کے اداروں کے درمیان مؤثر رابطہ ناگزیر ہے ۔ ان شعبوں میں بہتری کے ذریعے بچوں کو مناسب وقت پر علاج فراہم کرنے اور پیچیدگیوں کے خطرات کم کرنے میں مدد مل سکتی ہے ۔ماہرین نے پیدائشی امراضِ قلب کی تشخیص میں جدید تصویری تشخیصی ٹیکنالوجی کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی اورکہاکہ جدید طریقوں کے ذریعے دل کی ساخت میں موجود نقائص کی بروقت نشاندہی اور مریض کی ضرورت کے مطابق علاج کا انتخاب بہتر انداز میں کیا جا سکتا ہے ۔ ایسے پروگرام طبی ماہرین کو پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافے کے مواقع فراہم کرتے ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments