ٹریفک پولیس کی غفلت،ٹریلر نے نوجوان کوکچل دیا
ڈرائیور دن میں داخلے کی پابندی کی خلاف ورزی کرتا ہوا اورنگی پہنچ گیا موٹر سائیکل سوار کی جان لیکر ڈرائیورموقع سے ٹریلر چھوڑ کر فراربھی ہوگیا
کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)پابندی کے اوقات میں ہیوی ٹریلر نے موٹرسائیکل سوار سے جینے کا حق چھین لیا، گزشتہ تین روز میں حاملہ خاتون سمیت تین شہری ٹریلر حادثے میں جاں بحق ہوچکے ہیں۔ حادثے کا ذمہ دار ڈرائیور ہیوی گاڑیوں کے شہر میں داخلے کی پابندی کی خلاف ورزی کرتا ہوا اورنگی ٹاؤن بنگلہ بازار تک پہنچ گیا اور ایک موٹر سائیکل سوار کی جان لیکر موقع سے ٹریلر چھوڑ کر فرار بھی ہوگیا۔ٹریفک پولیس کی عدم دلچسپی کے باعث ہیوی ٹریفک کے شہر میں داخلے کی پابندی کی کھلی خلاف ورزی پر قابو نہ پا سکی۔اورنگی ٹاؤن کے علاقے سیکٹر 15 بنگلہ بازار کے قریب پیر کی شام ٹریلر کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار جاں بحق ہوگیا، جس کی لاش کو ضابطے کی کارروائی کیلئے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔
ریسکیو حکام کے مطابق متوفی کی شناخت 30 سالہ طلحہٰ کے نام سے کی گئی۔ اس حوالے سے موقع پر موجود شہریوں کا کہنا تھا کہ جس وقت ٹریلر سے موٹر سائیکل سوار کا جان لیوا حادثہ ہوا اس وقت ٹریلر سمیت دیگر ہیوی گاڑیوں کی شہر میں داخلے کی پابندی عائد ہوتی ہے ۔تاہم ٹریفک پولیس کی غفلت و لاپروئی کا اندازہ اس بات سے بخوبی اندازہ لگایا جا سکتا کہ پابندی کی خلاف ورزی کے ساتھ ساتھ ایک قیمتی انسانی جان بھی چلی گئی اس کا ذمہ دار کون ہوگا؟۔ ٹریفک پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ہیوی گاڑیوں کا شہر میں داخل ہونے کا وقت رات 10 بجے سے صبح 7 بجے تک ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments