اسکول وینز میں گیس سلنڈرز کے استعمال پر پابندی عائد

 اسکول وینز میں گیس سلنڈرز کے استعمال پر پابندی عائد

غیر محفوظ طریقے سے پٹرول اور گنجائش سے زائد طلبہ بٹھانے پر بھی ممانعت خلاف ورزی پر اسکول انتظامیہ کے خلاف کارروائی ہوگی،محکمہ تعلیم کا مراسلہ

کراچی(این این آئی)سندھ حکومت نے کراچی سمیت صوبے بھر میں اسکول وینز میں سی این جی اور ایل پی جی سلنڈرز کے استعمال پر سخت پابندی عائد کردی ہے ، جبکہ طلبہ کی حفاظت کے پیش نظر نجی تعلیمی اداروں کو حفاظتی احکامات جاری کردیے گئے ہیں۔تفصیلات کے مطابق وزیر تعلیم سندھ سید سردار علی شاہ کی ہدایات پر محکمہ تعلیم نے اسکول ٹرانسپورٹ کے لیے حفاظتی ضوابط پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے ۔وزیر تعلیم سید سردار علی شاہ نے کہا ہے کہ اسکول وینز میں غیر محفوظ طریقے سے پیٹرول فراہم کرنے پر بھی پابندی ہے ۔ بوتلوں اور کین کے ذریعے گاڑیوں کے انجن کو پیٹرول فراہم کرنا خطرناک عمل ہے ، جس کی اجازت نہیں دی جائے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ اسکول وینز میں مقررہ گنجائش سے زائد طلبہ کو بٹھانے اور بچوں کو فٹ بورڈ پر کھڑا کرکے سفر کرانے پر بھی پابندی عائد ہے ۔وزیر تعلیم کے مطابق اسکول ٹرانسپورٹ کے لیے سندھ حکومت کا فٹنس سرٹیفکیٹ لازمی قرار دیا گیا ہے اور اس کی کاپی گاڑی میں موجود ہونا ضروری ہے ۔محکمہ تعلیم سندھ کا کہنا ہے کہ حفاظتی ہدایات کی خلاف ورزی کرنے والے متعلقہ اسکولوں اور ان کی انتظامیہ کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ نجی تعلیمی اداروں کو تمام حفاظتی ضوابط پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے واضح کیا گیا ہے کہ طلبہ کی جان و سلامتی پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...