حیدر آباد:بجلی چوری کیخلاف، واجبات وصولی کیلئے حیسکو آپریشن جاری
پریٹ آباد سب ڈویژن میں دوسرے روز بھی کارروائیاں، متعدد کنڈا کنکشن منقطع
حیدر آباد (بیورو رپورٹ)حیسکو کی جانب سے بجلی چوری کے مکمل خاتمے ، لائن لاسز میں کمی اور واجبات کی وصولی یقینی بنانے کیلئے کارروائیوں کا سلسلہ تیز کردیا گیا ہے ، اس سلسلے میں پریٹ آباد سب ڈویژن میں دوسرے روز بھی بجلی چوروں اور غیر قانونی کنکشنز کیخلاف گرینڈ آپریشن جاری رہا، آپریشن کے دوران فضل سن سٹی اور مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے بجلی کے غیر قانونی کنکشنز اور کنڈا سسٹم کی نشاندہی کی گئی، حیسکو ٹیموں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے غیر قانونی کنڈا کنکشن منقطع کردیے ، جبکہ بجلی چوری میں استعمال بڑی مقدار میں تار بھی کاٹ دیئے گئے ، کارروائیوں کے دوران غیر قانونی طور پر بجلی استعمال کرنے کیلئے قائم کنڈا سسٹم کا خاتمہ کیا گیا، جبکہ بجلی کے واجبات ادا نہ کرنیوالے صارفین سے موقع پر ہی بلوں کی ادائیگی بھی یقینی بنائی گئی۔ اس موقع پر ایس ای سرکل لاڑ سہیل احمد شیخ نے واضح کیا کہ بجلی چوری کسی صورت برداشت نہیں کی جائیگی۔
تمام صارفین واجبات بروقت ادا کریں اور صرف میٹر کے ذریعے قانونی طریقے سے بجلی استعمال کریں۔ انہوں نے کہا کہ غیر قانونی کنکشنز، ڈائریکٹ لائنوں اور کنڈا سسٹم کے ذریعے بجلی استعمال کرنیوالوں کیخلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔ انہوں نے متعلقہ افسران اور فیلڈ اسٹاف کو ہدایت کی کہ بجلی چوری کے خاتمے ، لائن لاسز میں کمی اور ریکوری اہداف کے حصول کیلئے موثر کارروائیاں جاری رکھی جائیں۔ انکا کہنا تھا کہ حیسکو کی اولین ترجیح بجلی چوری کا خاتمہ، ادارے کے مالی نقصانات کی روک تھام اور باقاعدگی سے بل ادا کرنیوالوں کو بجلی فراہمی یقینی بنانا ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments