تھرپارکر:ایمبولینس سلنڈر دھماکہ، چیئرمین انکوائری کمیٹی کا اجلاس
دیگر ارکان بھی شریک، واقعہ کا مختلف پہلوؤں سے تفصیلی وجامع جائزہ لیا گیاعملے ، اٹینڈنٹ انچارج ودیگر کے بیان قلمبند، پی پی ایچ آئی سے بھی سوالات
میرپور خاص (بیورو رپورٹ)چیف سیکریٹری سندھ کی منظوری سے تشکیل دی گئی انکوائری کمیٹی کا اجلاس نگرپارکر کے ڈانو ڈاندھل میں بنیادی صحت مرکز کی ایمبولینس میں ہونے والے افسوسناک دھماکے کے واقعے کی تحقیقات کے سلسلے میں چیئرمین انکوائری کمیٹی و کمشنر شہمیر خان بھٹو کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں رکن انکوائری کمیٹی و ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس میرپورخاص کیپٹن فیصل عبداللہ چاچڑ اور رکن انکوائری کمیٹی و ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز، حیدرآباد ڈاکٹر انیس الرحمن سمیت ایس آر انسپکٹر آئی ایم ٹی ای سی ایچ، اوگرا کے جہانزیب اور محمد خان اور دیگر متعلقہ افسران نے آن لائن شرکت کی۔ اجلاس میں واقعے کے مختلف پہلوؤں کا تفصیلی اور جامع جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر واقعے کے وقت موجود عملے ، پی پی ایچ آئی کی سی ایم ڈبلیو ثمینہ، اٹینڈنٹ، انچارج میڈیکل آفیسر ڈاکٹر آکاش اور دیگر متعلقہ افراد کے بیانات قلمبند کیے گئے ۔ ریجنل ڈائریکٹر پی پی ایچ آئی سے بھی ان کی ذمہ داریوں کے حوالے سے سوالات کیے گئے ۔ انکوائری کمیٹی کے ارکان اور دیگر متعلقہ محکموں کے ذمہ دار افسران نے تحقیقات کو شفاف، جامع اور مؤثر بنانے کے لیے متعلقہ افراد سے تفصیلی سوالات کیے اور ضروری معلومات حاصل کیں۔ انکوائری کمیٹی نے ایل پی جی اور آکسیجن گیس کے وینڈر منوہر اینڈ سچند سے گیس سلنڈروں کی خریداری، فراہمی، ترسیل اور متعلقہ اجازت ناموں کے حوالے سے تفصیلی سوالات کیے ، جبکہ ڈائریکٹر وی ٹی آر گیس پرکاش سے بھی گیس کی فراہمی، ترسیل اور قانونی اجازت ناموں سے متعلق معلومات حاصل کی گئیں۔ اس موقع پر ریجنل ڈائریکٹر پی پی ایچ آئی نے کمیٹی کے سامنے متعلقہ پریزنٹیشن پیش کی، جبکہ سی ٹی ڈی اور اسپیشل برانچ نے واقعے سے متعلق اپنی رپورٹس انکوائری کمیٹی کے سامنے پیش کیں۔ پھٹنے والے آکسیجن سلنڈر کے سیل شدہ ٹکڑے اور تصاویر بھی انکوائری کمیٹی کے سامنے پیش کیے گئے ، جن کا کمیٹی کے ارکان نے جائزہ لیا۔
انکوائری کمیٹی، اجلاس
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments