سجاول میں نوزائیدہ بچوں کے انتہائی نگہداشت یونٹ کا افتتاح
سندھ کے ہرضلع میں بچوں کیلئے ایسے طبی مراکز قائم کرنیکا ارادہ، وزیر صحتسجاول کوچیسٹ پین یونٹ، تھیلسیمیا، ٹراما سینٹرز بھی دیں گے ، عذرا فضل
سجاول (نامہ نگار)صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو نے گزشتہ روز سجاول میں سندھ انسٹیٹیوٹ آف چائلڈ ہیلتھ اینڈ نیوونیٹالوجی کے تحت قائم نوزائیدہ بچوں کے انتہائی نگہداشت یونٹ (NICU) اور جنرل پیڈیاٹرکس سینٹر کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ صحت نے کہا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ سندھ کے ہر ضلع میں بچوں کے علاج کے لیے ایسے ادارے قائم کیے جائیں، تاکہ والدین کی پریشانیاں کم ہو سکیں۔ انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری اور وزیرِ اعلیٰ سندھ کی کاوشوں سے یہ منصوبہ مکمل ہوا ہے ۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ سندھ میں بچوں کے علاج کی سہولیات پنجاب سمیت دیگر صوبوں کے مقابلے میں بہتر ہیں، جبکہ سجاول کو چیسٹ پین یونٹ بھی فراہم کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ نجی اداروں کے تعاون سے تھیلیسیمیا سینٹر قائم کیا جائے گا جہاں مفت علاج کی سہولت میسر ہوگی، جبکہ ٹراما سینٹر بھی جلد قائم کیا جائے گا۔ تقریب میں سندھ انسٹی ٹیوٹ آف چائلڈ ہیلتھ کے سربراہ پروفیسر جمال رضا نے بتایا کہ کورنگی سینٹر میں انکیوبیٹرز کی تعداد 52 سے بڑھا کر 90 کر دی ہے ، جبکہ سجاول سمیت سندھ کے مختلف اضلاع میں سینٹرز قائم کیے گئے ہیں جہاں بچوں کو مفت علاج کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ تقریب میں صوبائی وزیر محمد علی خان ملکانی، ریاض شاہ شیرازی، اراکینِ اسمبلی ریحانہ لغاری، ہیر سوہو، پیپلز پارٹی کے رہنماؤں عبداللطیف میمن، ڈاکٹر اقبال میمن، سیکریٹری صحت سندھ طاہر سانگی اور ڈپٹی کمشنر سجاول محمد سعید لغاری سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments