کسٹمز کی کارروائی، بھارتی گٹکے سے بھرا 34 ملین روپے مالیت کا کنٹینر پکڑا گیا
خفیہ اطلاع پرکاٹھور کے قریب کارروائی، 12ہزار 480پیکٹ انڈین اوریجن سفینہ گٹکا برآمد
کراچی(اسٹاف رپورٹر)کلکٹر کسٹمز انفورسمنٹ کی خفیہ اطلاع پر کامیاب کارروائی کرتے ہوئے کسٹمز انفورسمنٹ کی ٹیم نے انڈین اوریجن گٹکا سے بھرا ہوا کنٹینر برآمد کر لیا۔کلیکٹر کسٹمز انفورسمنٹ فرید احمد خان سلارزئی کی خصوصی ہدایات پر موصول ہونے والی خفیہ اطلاع کی بنیاد پر کارروائی عمل میں لائی گئی۔تفصیلات کے مطابق خفیہ اطلاع موصول ہونے پر یاسر وہاب کلور کی جانب سے ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی جس میں انٹیلیجنس اینڈ آپریشنز ٹیم نے بھرپور حصہ لیا۔کارروائی کی قیادت اے سی توفیق احمد اور سپرنٹنڈنٹ دانش کلیم نے کی جبکہ ان کے ہمراہ انسپکٹر محمد سلیم نے بھی کارروائی میں حصہ لیا۔ٹیم نے مؤثر حکمت عملی اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے انڈین اوریجن گٹکا سے بھرا ہوا کنٹینر کاٹھور کے قریب ضبط کیا۔کنٹینر سے 12 ہزار 480 پیکٹ انڈین اوریجن سفینہ گٹکا برآمد ہوا۔ برآمد ہونے والے سامان کی کل قیمت 34 ملین روپے بتائی گئی ہے ۔علا وہ ازیں ڈی آئی جی ایسٹ زون ڈاکٹر فرخ علی کے احکامات پر ایس ڈی پی او جمشید ڈویژن اے ایس پی محمد عاشر کی زیر نگرانی ٹاسک فورس نے ضلع کورنگی کی حدود میں متعلقہ تھانہ پولیس کے ہمراہ منی گٹکا کارخانے پر چھاپہ مار کر گٹکا ماوا کی تیاری اور خرید و فروخت میں ملوث 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ کارروائی میں 100 کلو سے زائد بھیگی چھالیہ برآمد ہوئی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments