لاڑکانہ:ریلوے کا تجاوزات کیخلاف آپریشن، پیپلز پارٹی کا احتجاج

لاڑکانہ:ریلوے کا تجاوزات کیخلاف آپریشن، پیپلز پارٹی کا احتجاج

میئر، ٹاؤن ویوسیز چیئرمینز، پارٹی رہنما، کارکن، سینکڑوں متاثرہ شہری شریک ہوئےاسٹیشن کے سامنے مظاہرہ، انتظامیہ کے خلاف نعرے لگائے، آپریشن روکنے کامطالبہ

لاڑکانہ (بیورو رپورٹ)ریلوے ٹریک کے اطراف قائم تجاوزات کیخلاف آپریشن پر پیپلز پارٹی سٹی ڈسٹرکٹ لاڑکانہ کے زیر اہتمام احتجاجی ریلی نکالی گئی، کئی روز سے گھروں اور جھونپڑیوں کی مسماری جاری ہے جس کے خلاف متاثرہ خاندانوں میں شدید تشویش پائی جاتی ہے ۔ اس سلسلے میں پیپلز پارٹی سٹی ڈسٹرکٹ لاڑکانہ کے جنرل سیکریٹری و میئر انور علی لہر نے امپائر ٹاؤن کے چیئرمین وقار بھٹو، سچل ٹاؤن کے چیئرمین سرائی سرفراز علی کھوکھر، یوسی چیئرمین شفیق احمد چانڈیو، شیر لغاری، کامران اوڈھانو، محمد قاسم بروہی سمیت دیگر پارٹی رہنماؤں، کارکنوں اور متاثرہ شہریوں کے ہمراہ احتجاجی ریلی کی قیادت کی۔شرکاء نے ریلوے انتظامیہ کیخلاف احتجاج کرتے ہوئے مطالبات کے حق میں نعرے لگائے ۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے میئر انور علی لہر اور دیگر رہنماؤں نے کہا کہ ریلوے حکام کی جانب سے لاڑکانہ کی مختلف کچی آبادیوں کے رہائشیوں کے ساتھ مسلسل ناانصافی کی جا رہی ہے۔

10 روز سے شہریوں کے گھر اور جھونپڑیاں مسمار کی جا رہی ہیں، جس کی ہم سخت مذمت کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ریلوے افسران اپنی نااہلی چھپانے کیلئے غریب اور بے سہارا شہریوں کو مشکلات سے دوچار کر رہے ہیں۔ پیپلز پارٹی متاثرہ شہریوں کو تنہا نہیں چھوڑے گی اور ان کے حقوق کیلئے ہر سطح پر آواز بلند کرتی رہے گی۔انہوں نے وفاقی حکومت اور وفاقی وزیر ریلوے سے مطالبہ کیا کہ معاملے کا فوری نوٹس لیا جائے ، سندھ بھر میں گھروں کی مسماری کا عمل روکا جائے اور متاثرہ خاندانوں کو فوری ریلیف فراہم کیا جائے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...