ورلڈ کلچر فیسٹیول میں تھیٹر ورکشاپ ودیگر پروگرام
18ویں روزشرکاء کو تھیٹر دلچسپ بنانے کے مختلف طریقے سکھائے گئے آٹھ دن تک محبت کا پیغام مسلسل گونجتا رہیگا، صدر آرٹس کونسل احمد شاہ
کراچی(اسٹاف رپورٹر)آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے زیرِ اہتمام 25روزہ تیسرے ورلڈ کلچر فیسٹیول کراچی 2026ء کے 18ویں روز تھیٹر ورکشاپ، فلم اسکریننگ، تھیٹر پلے ‘‘رخصتی’’، اسٹریٹ تھیٹر ‘‘Born of Normal Parents’’، ڈانس نائٹ اور میوزیکل پروگرام ‘‘The World Is a Symphony’’پیش کیے گئے ۔ صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے کہا کہ ورلڈ کلچر فیسٹیول امن، محبت اور بھائی چارے کا پیغام دے رہا ہے ۔ اگلے آٹھ دن تک محبت کا پیغام مسلسل گونجتا رہے گا، یہ محبت کا وائرس ہوگا، ہم پاکستان کا روشن چہرہ پوری دنیا کو دکھا رہے ہیں۔ دنیا بھر میں جنگی حالات کے باوجود ورلڈ کلچر فیسٹیول میں 150سے زائد ممالک کے ایک ہزار سے زائد فنکار پرفارم کر رہے ہیں۔ ان تمام فنکاروں کیلئے تالیاں ہونی چاہئیں۔
ورلڈ کلچر فیسٹیول کے 18ویں روز کا آغاز تھیٹر ورکشاپ The Art of Stage Acting And Directingسے کیا گیاجس میں آسٹریلیا کے الیکس براؤن نے شرکاء کو مختلف منظرناموں کے ذریعے عملی تربیت فراہم کی۔ ورکشاپ میں شرکاء کو تھیٹر کو منفرد اور دلچسپ بنانے کے مختلف طریقے سکھائے ۔ فلم اسکریننگ میں خصوصی نشست میں اداکار سلمان شاہد، پروڈیوسر سارا ترین، فلم ساز علی مہدی، اداکار عمیر رانا اور ہدایت کار خرم زیدی نے گفتگو کی جبکہ برطانیہ کی انصافی پروڈکشن نے تھیٹر پلے رُخصتی پیش کیا، جس کے دو شوز میں فنکاروں نے اپنی اداکاری کے ذریعے حاضرین کو محظوظ کیا، جون ایلیا لان میں آئرلینڈ سے تعلق رکھنے والے فنکار مرے مولائے نے اسٹریٹ تھیٹرBorn of Normal Parentsپیش کیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments