سرکاری تعلیمی اداروں کی بحالی کیلئے کوشاں ہیں،منعم ظفر
صوبائی حکومت نے 750سرکاری اسکول این جی اوز کے حوالے کردیے 18 سالہ دورِ حکومت میں شہری پانی سے محروم ، امیر جماعت اسلامی کراچی
کراچی(اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے ٹی ایم سی ماڈل کالونی کے تحت امیر جماعت اسلامی ضلع ایئرپورٹ محمد اشرف و دیگر کے ہمراہ رحیم خان جوکھیو گوٹھ، سندھی نورانی مسجد، یوسی 6 میں ایک لاکھ اسکوائر فٹ پیور بلاکس، اسٹریٹ لائٹس کی تنصیب اور 650 فٹ طویل پانی کی لائن کے منصوبوں کی تکمیل کے بعد افتتاح کردیا۔منعم ظفر خان نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ کراچی سے کشمور تک گوٹھوں میں ترقیاتی کام کرانے کی صلاحیت صرف جماعت اسلامی رکھتی ہے ۔ رحیم خان جوکھیو گوٹھ میں پہلی مرتبہ ایک لاکھ اسکوائر فٹ پیور بلاکس لگائے جارہے ہیں، اس سے قبل سیوریج کا مسئلہ حل کیا گیا۔جماعت اسلامی کے 9 ٹاؤنز کو صوبائی حکومت نے ایک روپیہ بھی ترقیاتی فنڈ نہیں دیا، اس کے باوجود عوام کی خدمت کررہے ہیں۔
علاوہ ازیں منعم ظفر ٹی ایم سی گلشن اقبال کے تحت گلزار ہجری بلاک 4/2، میٹروول کالونی نمبر 3، یوسی 6 میں ماڈل محلے اورشہید عبدالرحمن (مانی) فیملی پارک کا بھی افتتاح کیا۔ منعم ظفر نے مزیدکہاکہ پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومت نے ساڑھے سات سو سرکاری اسکول این جی اوز کے حوالے کردیے جبکہ جماعت اسلامی سرکاری تعلیمی اداروں کی بحالی کیلئے کوشاں ہے ، 18 سال سے صوبے میں برسراقتدار حکومت شہریوں کو پانی فراہم کرنے میں ناکام ہے ، ریڈ لائن گزشتہ 5 سال سے مکمل نہیں ہوسکی اور شہر میں 18 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ ہورہی ہے ۔ شہری ان مسائل کا جواب صوبائی حکومت سے مانگتے ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments