ریگل چوک الیکٹرانکس مارکیٹ میں آتشزدگی،سامان خاکستر

 ریگل چوک الیکٹرانکس مارکیٹ میں آتشزدگی،سامان خاکستر

تین سے چارگودام جل گئے ، کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، تحقیقات شروع

کراچی(اسٹاف رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک) صدر ریگل چوک پر قائم مارکیٹ کی دکان اور گوداموں میں لگنے والی آگ کو فائر بریگیڈ کی مدد سے تین گھنٹے کی مسلسل جدو جہد کے بعد بجھا کر کولنگ کا عمل شروع کردیا گیا،واقعہ کے نتیجے میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے صدر ریگل چوک پر الیکٹرانکس مارکیٹ میں گراؤنڈ فلور پر قائم دکان میں آگ لگ گئی،اطلاع ملتے ہی کے ایم سی کے چار فائر ٹینڈرز اور باوزر موقع پر پہنچے اور آگ بجھانے کی کوشیشیں شروع کردی گئیں۔فائر بریگیڈ حکام کے مطابق دکان میں لگنے والی آگ نے میزنائن فلور پر قائم تین سے چار گوداموں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا،متاثرہ دکان اور گوداموں میں بیٹریوں سمیت مختلف الیکٹرانکس کا سامان موجود تھا، تاہم تین گھنٹے کی مسلسل جدو جہد کے بعد چار فائر ٹینڈرز اور ایک باوزر کی مدد سے آگ کو بجھا کر کولنگ کا عمل شروع کردیا گیا۔آتشزدگی کے نتیجے میں دکان اور گوداموں میں رکھا سامان جل کر خاکستر ہوگیا جبکہ واقعہ میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا ،تاہم آگ لگنے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کی جارہی ہیں۔ادھرکورنگی کریک ابراہیم حیدری کے قریب نجی ٹی وی چینل کے دفتر میں آتشزدگی کے باعث عمارت کی بالائی منزل کی شیٹرنگ لگی چھت منہدم ہوگئی۔آتشزدگی کے باعث آڈیٹوریم مکمل جل گیا ، واقعے میں تاحال کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...