تجاوزات کے خاتمے کے لئے ماہانہ شیڈول بنانے کا فیصلہ
ترجیحی علاقوں کی نشاندہی، زمینوں کا ڈیٹا بیس اور نقشہ تیار ہوگا،کمشنرسید حسن نقوی
کراچی (اسٹاف رپورٹر )کمشنر کراچی سید حسن نقوی کی زیر صدارت اجلاس میں انسدادِ تجاوزات مہم اور سرکاری اراضی واگزار کرانے کیلئے جاری کارروائیوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ۔اجلاس میں تمام ڈ پٹی کمشنرز ڈائریکٹر انسداد تجاوزات سندھ اور اسسٹنٹ کمشنر ریونیو سجاد ابڑو نے شرکت کی اور تجاوزات کیخلاف کارروائیوں کے بارے میں کمشنر کو بریفنگ دی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تجاوزات کی روک تھام اور تجاوزات کے خاتمے کی کارروائی کیلئے ماہانہ شیڈول تیار کیا جائے گا اور مرکزی نگرانی نظام کے تحت مربوط کارروائیاں کی جائیں گی۔تمام اضلاع میں کمشنر کی نگرانی میں مرکزی سطح پر ایک ماہانہ شیڈول مرتب کیا جائے گا۔شیڈول میں ہر ضلع کے ترجیحی علاقوں، کارروائی کی تاریخ، متعلقہ اداروں، پولیس کی معاونت اور آپریشن کی ذمہ داریوں کا واضح تعین کیا جائیگا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سرکاری زمینوں اور عوامی مقامات کی نشاندہی کیلئے ایک جامع ڈیٹا بیس اور نقشہ تیار کیا جائے گا۔اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ ہر آپریشن کے بعد اس کی مکمل رپورٹ، واگزار کرائی گئی زمین کا رقبہ، مسمار کی گئی تعمیرات اور زمین کی موجودہ حالت کا ریکارڈ محفوظ کیا جائے گا۔ادھرکمشنر نے وائی ایم سی ا ے کا دورہ کیا۔ورلڈ کلچرل فیسٹول کی اختتامی تقریب کے انتظامات کا جائزہ لیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments