سندھ میں نئے صوبے بنیں گے نہ ریفرنڈم ہوگا،اسماعیل راہو

سندھ میں نئے صوبے بنیں گے نہ ریفرنڈم ہوگا،اسماعیل راہو

سندھ اسمبلی نئے صوبوں کی تجویز مسترد کرچکی، ریفرنڈم کا مطالبہ بے معنی ہے ایم کیو ایم سندھ کے عوام کے جذبات سے کھیلنے سے گریز کرے ، وزیر جامعات

کراچی(اسٹاف رپورٹر)صوبائی وزیر جامعات سندھ محمد اسماعیل راہو نے خالد مقبول صدیقی کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ میں نہ نئے صوبے بنیں گے اور نہ ہی کوئی ریفرنڈم ہوگا۔انہوں نے کہا کہ جب منتخب سندھ اسمبلی پہلے ہی نئے صوبوں کی تجویز کو مسترد کر چکی ہے تو پھر ریفرنڈم کس لیے کرایا جائے ؟ ہمارے ملک میں ریفرنڈم ہمیشہ آمر حکمرانوں کا ڈھکوسلہ اور پناہ گاہ رہے ہیں جنہیں عوام نے کبھی تسلیم نہیں کیا۔محمد اسماعیل راہو نے کہا کہ ریفرنڈم صرف ایسے قومی مسئلے پر کرایا جا سکتا ہے جس پر آئین خاموش ہو یا کوئی ابہام موجود ہو جب کہ صوبوں کی تشکیل اور تبدیلی کے معاملے پر آئین میں واضح طریقہ کار درج ہے ۔صوبائی وزیر جامعات سندھ محمد اسماعیل راہو نے کہا کہ ایم کیو ایم کی ہمیشہ یہ روایت رہی ہے کہ وہ اقتدار میں موجود حکمرانوں کی جی حضوری کرتی رہی ہے ۔ سندھ کے عوام اور تمام سیاسی جماعتیں سندھ کی تقسیم کسی بھی صورت میں نہیں چاہتیں ۔ انہوں نے کہا کہ خالد مقبول صدیقی اور ایم کیو ایم کے دیگر رہنما پرچی کے ذریعے وزیر اور منتخب نمائندے بنے ہیں۔ پرچی پر آنے والوں کو آئین اور جمہوریت کا درس دینے کے بجائے پہلے سندھ کے عوام کے مینڈیٹ کا احترام کرنا چاہیے ۔محمد اسماعیل راہو نے مزید کہا کہ ایم کیو ایم اپنے ماضی کو یاد رکھے اور سندھ کے عوام کے جذبات سے کھیلنے سے گریز کرے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...