سندھ ہائی کورٹ:شہر میں غیر قانونی تعمیرات کے خلا ف کارروائی کا میکنزم طلب
کراچی میں گراؤنڈ پلس ون کی اجازت لی جاتی لیکن لوگ دس دس منزلہ عمارتیں بنا لیتے ،ایس بی سی اے رپورٹ پر برہمی ویسے تو کوئی تھوڑی سی تعمیرات کرے تو اتھارٹی کا بندہ پہنچ جاتا، جسٹس ریاضت،ایڈیشنل ڈائریکٹر اور ڈپٹی کمشنر سینٹرل پیش
کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائیکورٹ نے ایس بی سی اے سے شہر میں غیر قانونی تعمیرات کے خلاف کارروائی کا مکینزم طلب کرلیا۔ سندھ ہائیکورٹ کے دو رکنی آئینی بینچ میں لیاقت آباد میں 90 گز کے پلاٹ پر 10 منزلہ عمارت کی غیر قانونی تعمیر کے خلاف درخواست کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے ) کی رپورٹ پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے شہر میں غیر قانونی تعمیرات کے خلاف کارروائی کا مکینزم طلب کرلیا۔ سماعت کے دوران ایس بی سی اے کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ بلڈر کو گراؤنڈ پلس فائیو منزلہ عمارت کی اجازت دی گئی تھی، تاہم عدالت نے ریکارڈ کا جائزہ لے کر نشاندہی کی کہ ایس بی سی اے کی رپورٹ میں گراؤنڈ پلس ٹین منزلہ عمارت کی اجازت طلب کرنے کا ذکر ہے ۔ عدالت نے ریمارکس دیے کہ اگر ایک کروڑ پلاٹوں پر غیر قانونی تعمیرات ہو رہی ہیں تو کیا عدالت ایک کروڑ مقدمات بیٹھ کر سنتی رہے گی؟ کراچی میں گراؤنڈ پلس ون کی اجازت لی جاتی ہے لیکن لوگ دس دس منزلہ عمارتیں بنا لیتے ہیں۔ جسٹس ریاضت علی سہڑ نے ریمارکس دیے کہ ویسے تو کوئی تھوڑی سی تعمیرات کرتا ہے تو ایس بی سی اے کا بندہ پہنچ جاتا ہے ۔ عدالت نے کہا کہ غیر قانونی تعمیر ہونے والی عمارتوں میں لوگ آباد ہوتے جاتے ہیں، بعد میں اگر لوگوں کو عمارتوں سے نکالنے کا حکم دیا جائے تو ان کے حقوق متاثر ہوتے ہیں۔ عدالت کی جانب سے فوری طلب کرنے پر پر ایس بی سی اے کے ایڈیشنل ڈائریکٹر اور ڈپٹی کمشنر سینٹرل پیش ہوئے ۔ عدالت نے حکام سے غیر قانونی تعمیرات کے خلاف کارروائی کا مکینزم طلب کرتے ہوئے درخواست کی مزید سماعت 8 دسمبر تک ملتوی کردی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments