گلشن حدید میں ماں اوربیٹی کے قتل کا معمہ حل
اسنیپ چیٹ پر تین سال قبل دوستی ہوئی، دو ماہ سے تنازع جاری تھاایک ہفتہ قبل قتل کی منصوبہ بندی کی،مرکزی ملزم کا دوران تفتیش اعتراف
کراچی(این این آئی) گلشن حدید فیز ٹو میں گھر میں گھس کر ماں بیٹی کو فائرنگ کرکے قتل کرنے کے واقعے میں گرفتار مرکزی ملزم مبشر ولد غلام اصغر نے دورانِ تفتیش جرم کا اعتراف کرلیا۔ ملزم کے مطابق مقتولہ لڑکی سے تقریباً تین سال قبل اسنیپ چیٹ پر دوستی ہوئی تھی، تاہم وعدے پورے نہ کرنے کے معاملے پر دونوں کے درمیان تنازع چل رہا تھا۔تفصیلات کے مطابق 5 نومبر کو اسٹیل ٹاؤن تھانے کی حدود گلشن حدید فیز ٹو میں 45 سالہ سمینہ زوجہ محمد دین اور ان کی 16 سالہ بیٹی بختاور کو فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا تھا۔ پولیس نے واقعے کے مرکزی ملزم کو گرفتار کیا، جس نے دورانِ تفتیش واردات سے متعلق اہم انکشافات کیے۔
ملزم کا کہنا ہے کہ اس نے مقتولہ سے بار بار مطالبہ کیا کہ وہ اس سے کیے گئے وعدے پورے کرے ، تاہم تنازع ختم نہ ہونے پر اس نے ایک ہفتہ قبل قتل کی منصوبہ بندی کی۔ملزم نے اعتراف کیا کہ واردات کے وقت وہ اکیلا تھا اور اس نے ماں بیٹی کو فائرنگ کرکے قتل کیا۔ اس کے مطابق گھر میں موجود ایک بچے نے اسے پکڑنے کی کوشش کی تو اس نے بچے کو دھکا دیا، جس کے نتیجے میں بچہ گر کر زخمی ہوگیا۔ واردات کے بعد اس نے پستول گھر میں ہی چھوڑ دیا اور موٹر سائیکل پر گلستان جوہر کی جانب فرار ہوگیا، بعد ازاں موٹر سائیکل ہزارہ گوٹھ میں کسی شخص کے حوالے کردی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments