ضلع گھوٹکی:اتائیوں، غیر قانونی پمپس کیخلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ

ضلع گھوٹکی:اتائیوں، غیر قانونی پمپس کیخلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ

من مانے نرخوں پر آٹا فروخت کرنے والوں کے خلاف بھی کارروائی کی جائے ،ڈپٹی کمشنر تمام ادارے ریاستی رٹ قائم رکھنے کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں، امتیاز ابڑو ،اجلاس

میرپور ماتھیلو (نمائندہ دنیا) ضلع گھوٹکی میں اتائیوں، غیر رجسٹرڈ میڈیکل اسٹورز، غیر قانونی ایل پی جی اور پٹرول پمپس کے خلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ کرلیا گیا۔ اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر گھوٹکی امتیاز علی ابڑو کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ کوآرڈی نیشن کمیٹی اور ڈسٹرکٹ انٹیلی جنس کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں ایس ایس پی گھوٹکی محمد انور کھیتران، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون بشارت حسین، اسسٹنٹ کمشنرز، مختیارکاروں سمیت رینجرز، کسٹمز، اینٹی نارکوٹکس، سی ٹی ڈی، نادرا، محکمہ صحت کے افسران اور حساس اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ تمام اداروں کی بنیادی ذمہ داری ہے کہ وہ ریاست کی رٹ قائم رکھنے کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا ،غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے لیے قانون کے مطابق کارروائیاں کریں، بالخصوص اتائیوں، غیر رجسٹرڈ میڈیکل اسٹورز، غیر قانونی طور پر چلنے والے ایل پی جی اور پٹرول پمپس کے خلاف کارروائیوں میں تیزی، من مانے نرخوں پر آٹا فروخت کرنے والوں کیخلاف کارروائی کی جائے۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کو آگاہ کیا گیا کہ ضلع کے 184 مشکوک شناختی کارڈز کی تصدیق کے لیے نادرا کو مراسلہ ارسال کیا گیا ہے ، تاہم کئی ماہ گزرنے کے باوجود جواب موصول نہیں ہوا۔ ڈپٹی کمشنر نے نادرا کے ڈپٹی ڈائریکٹر کو ہدایت کی کہ مذکورہ شناختی کارڈز کی تصدیق کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...