لاہور کو پہلا سمارٹ سٹی بنانے سے متعلق پلان تیار

لاہور کو پہلا سمارٹ سٹی بنانے سے متعلق پلان تیار

پولیس سے لے کر بزنس تک کی تمام سہولیات ایک ڈیش بورڈ پر میسر ہونگی

لاہور(محمد حسن رضا سے )پنجاب حکومت نے 3 برس میں لاہور کو پاکستان کا پہلا سمارٹ سٹی بنانے سے متعلق پلان تیار کرلیا، محکمہ بلدیات نے ٹائم فریم اور پلاننگ کمیشن تیار کرکے پی سی ون محکمہ ترقیاتی و منصوبہ بندی بورڈ کو بھجوا دیا جس کو آئندہ اجلاس میں منظوری کے لئے رکھا جائے گا۔پی سی ون کے مطابق لاہوریوں کو ہر چیز ان کے موبائل پر سرکاری سطح پر دستیاب ہوگی، پارکنگ اور آن لائن سرکاری ڈاکٹر کی بکنگ تک کی سہولت ہوگی،سنٹرل ایریاز میں جانے کیلئے فیس مقرر ہوگی ،داخلے کیلئے اوقات کار مقرر کئے جائیں گے ،پولیس سے لے کر بزنس تک کی تمام سہولیات ایک سرکاری ڈیش بورڈ پر میسر ہوں گی۔ پبلک ٹرانسپورٹ کے استعمال کیلئے کارڈ ری چارج کرنے کی سہولت بھی موبائل میں ہوگی۔ پراجیکٹ پر سالانہ 85 کروڑ روپے سے زائد اخراجات آئیں گے ۔اس حوالے سے سابق سیکرٹریز بلدیات کا کہنا ہے پی سی ون کو تیار کرکے منظوری لے لینا اور پھر اسکو کارکردگی میں شمار کر لینا ہی کارنامہ نہیں، اصل کارنامہ اس وقت ہوتا ہے جب عملدرآمد کرایا جائے ، اس کے لئے بے شمار مسائل ہیں انکو ٹھیک کرنا ضروری ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں