شہر کا اوسط اے آئی کیو200،سموگ بڑھنے لگی

شہر کا اوسط اے آئی کیو200،سموگ بڑھنے لگی

آلودگی کے اعتبار سے ڈیفنس ، پنجاب یونیورسٹی اور علامہ اقبال ٹاؤن کے علاقے سرفہرست ،صورتحال خطرناکڈیفنس 8 میں اوسط اے آئی کیو 450تک جاپہنچا، سموگ پر قابو پانے کیلئے کمیٹیاں مکمل فعال:ڈی جی ماحولیات

لاہور(سہیل احمد قیصر)لاہورمیں ہرگزرنے والے دن کے ساتھ سموگ میں اضافہ ہونے لگا ۔لاہور میں اوسط ائرکوالٹی انڈیکس 200 کی سطح پر جاپہنچا۔ آلودگی کے اعتبار سے ڈیفنس ، پنجاب یونیورسٹی اور علامہ اقبال ٹاؤن کے علاقے سرفہرست ہیں ۔تفصیلات کے مطابق لاہور ایک مرتبہ پھرآلودگی کے اعتبار سے دنیا بھر میں سرفہرست ہوگیا۔ شہر کا اوسط ائرکوالٹی انڈیکس 200 تک جا پہنچا جسے کافی خطرناک صورت قرار دیاجارہا ہے ۔آلودگی کے اعتبار سے ڈیفنس جیسا پوش علاقہ سرفہرست رہا جس کے فیز آٹھ میں اوسط ائرکوالٹی انڈیکس450تک جا پہنچا ۔ پنجاب یونیورسٹی میں اے کیو آئی 416 ریکارڈ کیا گیا۔علامہ اقبال ٹاؤن اورفتح گڑھ کے علاقوں میں اے کیو آئی بالترتیب 370اور 347 رہاجبکہ شہرکے دیگر علاقوں میں بھی سموگ کی شرح میں اضافہ ریکارڈ کیاگیا۔واضح رہے کہ سموگ میں سب سے زیادہ حصہ گاڑیوں سے نکلنے والے دھویں کا ہوتا ہے ۔ اِس تناظرمیں طبی ماہرین کی طرف سے شہریوں کومشورہ دیا گیا ہے کہ وہ غیرضروری طور پر گھروں سے باہر مت نکلیں ،خصوصاًبچوں کے حوالے سے احتیاط برتیں اور ماسک استعمال کریں۔دوسری طرف محکمہ تحفظ ماحولیات کی ڈائریکٹر جنرل عنبرین ساجدنے بتایا ہے کہ محکمہ کی طرف سے سموگ پر قابو پانے کے لیے ہرممکن اقدامات اُٹھائے گئے ہیں۔ اُن کاکہنا تھا کہ صوبے کے ہرضلع میں سموگ پر قابو پانے کے لیے تشکیل دی گئی کمیٹیاں پوری طرح سے فعال ہیں جبکہ دیگر اقدامات بھی اُٹھائے گئے ہیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں